گستاخانہ خاکوں پر ہالینڈ کے ناظم الامور کی طلبی ،پاکستان کا احتجاج
اسلام آباد... وفاقی کابینہ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی کابینہ نے شدید مذمت کی ہے۔کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس بریفنگ میں کہاکہ یورپی یونین کے کئی ممالک کے قوانین میں ہولو کاسٹ کے مجروح ہونے پر سزائیں موجود ہیں پھر اتنے بڑے مذہب اسلام کے ماننے والوںکے جذبات کیوں مجروح کئے جارہے ہیں۔ہالینڈ کی حکومت اسے روکنے کےلئے فوری اقدامات کرے ۔انہوںنے بتایا کہ وزیر خارجہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ اس معاملے پر او آئی سی سے رابطہ کریں ۔دریں اثناء ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ اسلامی شعائر کی تضحیک پر پاکستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ہالینڈ کے ناظم الامور کو وفاقی کابینہ کے احتجاج سے متعلق بھی آگاہ کیا ۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو ہالینڈ کی حکومت کے ساتھ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائے گی۔