نوٹنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ کیلئے 521رنز کا بڑا ہدف
نوٹنگھم:یہاں کھیلے جانیوالے تیسرے ٹیسٹ میں ہند نے انگلینڈ کو521رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں لگا دیا۔انگلینڈ نے بغیر نقصان کے 23رنز بنا لئے۔ 5 ٹیسٹ کی سیریز کے تیسرے میچ کے تیسرے دن ہند نے 352رنز 7کھلاڑیوں پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔پہلی اننگز 329رنز کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم ہند کی بولنگ کی تاب نہیں لا سکی تھی اور 161رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی تھی۔ ہند کی دوسری اننگز کی خاص بات کپتان ویرات کوہلی کی سنچری ہے ۔ پہلی اننگز میں وہ بدقسمتی سے نروس نائنٹیز کا شکار ہوتے ہوئے 97رنز پر آوٹ ہوگئے تھے۔ چتشیوارپجارا نے کپتان ویرا ت کوہلی کا ساتھ دیتے ہوئے خوبصورت اننگز کھیلی اور 9 چوکوں کی مددسے 72رنز بنائے۔انگلینڈ کی پہلی اننگز کو تہس نہس کرنے والے آل راونڈر ہاردیک پانڈیا نے نصف سنچری 52رنز ناٹ آوٹ بنائی۔ قبل ازیں پانڈیا نے صرف 6اوورز میں 28رنزدیکر 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔انگلینڈ کے وکٹ کیپر دوسری اننگز کے 44ویں اوور میں زخمی ہو گئے۔گیند پکڑنے کی کوشش میں گرتے ہوئے ان کے بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر آگیا۔ممکن ہے وہ دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے نہ آسکیں۔عادل راشد نے 3وکٹیں حاصل کیں۔بین اسٹوکس نے 2وکٹیں لیں۔ پانڈیا کی نصف سنچری مکمل ہوتے ہی کوہلی نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا جب352رنز پر ہند کے 7کھلاڑی آوٹ تھے جبکہ مجموعی اسکور 520رنز بن چکا تھا جس کا تعاقب انگلینڈ کی ٹیم کیلئے ناممکن حد تک مشکل لگ رہا ہے۔