جکارتہ۔۔۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو موٹر بائیک پر کمالات دکھا نے کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہو گئی ۔ وڈیو میں 57 سالہ صدر کو دکھایا گیا ہے کہ وہ 18 ویں ایشیائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں خود ایک موٹر بائیک چلاتے ہوئے اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔اس دل چسپ وڈیو کے ابتدائی حصّے میں دکھایا گیا کہ صدر جوکو کا قافلہ دارالحکومت جکارتہ میں شدیڈ ٹریفک جام کے سبب رک گیا۔ اس کے نتیجے میں جوکو اپنے سرکاری لباس میں ہی گاڑی سے اْتر کر قافلے میں شریک ایک موٹر بائیک پر سوار ہو جاتے ہیں۔ بعد ازاں صدر کو بائیک چلانے کے دوران گاڑیوں پر سے چھلانگ لگاتے اور مختلف رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ افتتاحی تقریب میں 4 ہزار رقّاص اور رقّاصاؤں نے اجتماعی طور پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔