راجستھان : مالاپور امیں کانوڑیوں کا ہنگامہ، کرفیو نافذ
ٹونک۔۔۔۔راجستھان کے ضلع ٹونک کے مالاپورا تھانہ علاقے میں کانوڑیوں نے ہنگامہ برپا کردیا۔ مشتعل ہجوم نے ایک کار کو نذرآتش کردیا۔روڈ ویز بس اور پولیس کی گاڑیوں کے شیشے توڑدیئے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ٹونک کے مالا پورا علاقے میں حالات کشیدہ ہوتے دیکھ کر غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کردیاگیا۔ اس واقعہ پر ایڈیشنل ایس پی گودھن سوکریا نے بتایا کہ بیسلپور سے کانوڑیوں کا گروپ مالا پورا کے قصبے محلہ سادات سے گزررہا تھا کہ کسی بات پر کانوڑیے الجھ پڑے اور بات جھگڑے میں تبدیل ہوگئی ۔ دونوں فریقوں کی جانب سے پتھراؤ شروع ہوگیاجس کے نتیجے میں 15افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوقریبی اسپتال پہنچایا گیاجہاں ان کا علاج جاری ہے۔سوکریانے بتایا کہ قصبے میں سیکیورٹی فورس تعینات کردی گئی۔آتشزنی کے واقعات کے بعد حالات قابو میں کرنے کے لئے علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کردیئے گئے ۔شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کیلئے پولیس نے گشت میں اضافہ کردیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔