اردن کے فرمانروا شاہ عبدللہ ثانی 11 فروری کو واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسیی پیٹرا نے اتوار کو بتایا شاہ عبداللہ ثانی کو وائٹ ہاوس کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
شاہ عبداللہ ثانی دوسری صدارتی مدت میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے پہلے عرب رہنما ہوں گے۔
یاد رہے اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو منگل کو واشنگٹن کا دورہ کر رہے ہیں، وہ حلف برداری کے بعد ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے پہلے غیرملکی رہنما ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے’ ٹرمپ مشرق وسطی کے دونوں رہنماوں کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کی شرائط اور انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔‘
یاد رہے اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ وہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے 16 دن بعد بات چیت کے دوسرے دور کا آغاز کر دیں گے اور پیر کو معاہدے کو 16 دن مکمل ہو جائیں گے۔
طویل جنگ کے بعد گزشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد لڑائی روک دی گئی تھی۔
حماس نے اس کے بعد اسرائیل کے 18 یرغمال افراد کو رہا کیا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں قید سینکڑوں فلسطینیوں کو چھوڑا گیا تھا۔ تاہم ابھی تک 70 اسرائیلی یرغمال افراد حماس کے پاس ہیں۔
مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فورسز کے انخلا کے ساتھ ساتھ تمام یرغمال اسرائیلی افراد بھی رہا کر دیے جائیں گے۔