مانچسٹر .... مانچسٹر یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والی ایک ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ ایسے لوگ جن کی دماغی صحت صحیح نہیں انہیں چاہئے کہ وہ کوئی پالتو جانور پال لیں۔ اسکے نتیجے میں انہیں سکون میسر آئیگا جبکہ دماغی حالت بھی بہتر ہوگی۔ ریسرچ کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ایسے لوگ جب پالتو جانوروں سے کھیلتے ہیں تو ان میں سے بیشتراپنی نارمل زندگی کی جانب پلٹ آتے ہیں۔60فیصد شرکاءنے جو اس جائزے میں شامل تھے بتایا کہ پالتو جانوروں نے انکی دماغی صحت بہتر کرنے میں بڑا اہم کردارادا کیا۔ اس بحران کے دوران سب سے زیادہ مفید یہی جانور ثابت ہوئے۔ انہوں نے جومدد کی وہ ”غیر مشروط “ تھی جو وہ اکثر و بیشتر اپنے خاندان والوں سے بھی حاصل نہیں کرسکے تھے۔ دماغی معذور پالتو جانوروں میں اتنے منہمک ہوئے کہ وہ اپنا غم آہستہ آہستہ بھولنے کی کوشش کرنے لگے۔ یہاں تک کہ خودکشی پر غور کرنا بھی ترک کردیا۔ جائزہ ٹیم نے اس سلسلے میں 18سال سے زیادہ عمر کے 54شرکاءسے بات چیت کی تھی کیونکہ یہ لوگ دماغی صحت کے حوالے سے بیمار تھے اور انہیں مختلف مراکز میں داخل کرایا گیا تھا۔