شدت پسندوں نے اسلام میں گنجائش کو تنگی میں بدل دیا، محمد العیسیٰ
مکہ مکرمہ.... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ بعض نادانوں اور شدت پسندوں نے اسلام میں گنجائش کو تنگی میں بدل دیا۔ ہمیں دین اسلام کی تبلیغ کا اسلوب تبدیل کرنا ہوگا۔ بعض لوگوںنے نادانی اور دیگر نے شدت پسندی سے متاثر ہوکر اسلام میں موجود کشادگی کو مقید کردیا۔ العیسیٰ نے توجہ دلائی کہ کشادگی اسلام کا غیر متزلزل اصول ہے۔ بعض لوگوں نے احتیاط پسندی کے چکر میں حلال کو حرام بناڈالا ہے۔ وہ منیٰ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر انتظام کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس میں 76ممالک کے 500عالم اور دانشور شریک ہوئے۔ کانفرنس کے شرکاءنے اس امر پر زوردیا کہ اسلامی تشخص کے غیر متزلزل اصولوں کی حفاظت بے شک ضروری ہے تاہم زمان و مکان کے تحت رونما ہونے والی تبدیلیوں کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ مسلم معاشروں کے مسائل حل کرنا ہونگے۔ اسلام کی بنیادوں سے مکمل وابستگی کے ساتھ عصر حاضر کے جدید چیلنجوں سے اسلامی بنیادوں پر نمٹنا ہوگا۔ ہمیں مذہبی وعظ اور مذہبی دعوت کے طور طریقے تبدیل کرناہونگے۔ انہیں جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔کانفرنس کے شرکاءنے تمام اسلامی جامعات و درس گاہوں میں اسلامی اقدار اور بنی نوع انساں کے درمیان مشترکہ امور کا مضمون شامل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اسلام میں گنجائش اور رحمدلی کے اصول کو قرآن و سنت سے احذ کرکے عصری اسلوب میں پیش کرنے والے تحقیقی کاموں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ عالمی رائے عامہ کو بتایا جائے کہ اسلام رحمدلی اور گنجائش والا مذہب ہے۔ رحمدلی اور گنجائش اسلام کی نمایاں ترین خوبیاں ہیں۔ سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے اپنے خطا ب میں واضح کیا کہ سعودی عرب میانہ روی کے نظام کو اپنانے او رسہل پسندی سے متعلق اسلامی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانے والا مثالی ملک ہے۔ کانفرنس کے شرکاءنے اسلامی اقدار کے پرچار کیلئے خصوصی ویب سائٹ قائم کرنے کی بھی تاکید کی۔