المیہ یہ نہیں کہ وطنِ عزیز میں سیاسی عدم استحکام ہے، یہ بھی نہیں کہ طاقتور اور مقبول ترین دونوں ضدّی مزاج ہیں، شاید یہ بھی نہیں کہ ملکی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کا غالب رجحان مقبول ترین کی جانب ہے۔ اور یہ تو بالکل بھی نہیں کہ اس یوتھ کے لیے سرکاری جماعتوں کے پاس تاحال کوئی متبادل بیانیہ نہیں، ہو بھی تو شاید اب ان کا خریدار خال خال ہی نکلے۔
المیہ یہ نہیں کہ اب ہمارے ہاں برپا سیاسی منظر نامے پر دنیا بھر سے آوازیں اُٹھ رہی ہیں۔ المیہ یہ بھی نہیں کہ تین بار کے وزیراعظم میاں نواز شریف اور خطروں کے کھلاڑی آصف علی زرداری سیاسی کینوس سے یکسر غائب ہیں۔ اور یہ بھی نہیں کہ تازہ مذاکرات کی رام کہانی دباؤ کا نتیجہ ہے یا پھر خلوص کا اظہار۔
مزید پڑھیں
-
سیاسی بساط کا نیا کھیل۔۔۔ پی ٹی آئی کہاں ہے؟ اجمل جامی کا کالمNode ID: 880414
-
2024 اور پاکستان۔۔ اب آگے کیا ہوگا؟ اجمل جامی کا کالمNode ID: 882888
-
رچرڈ گرینل اور عمران خان۔۔۔! اجمل جامی کا کالمNode ID: 883199
المیہ یہ نہیں کہ برطانیہ و امریکہ سے لے کر یورپی یونین تک ہماری حالتِ زار پر تشویش میں مبتلا ہے اورفوجی عدالتوں سے ہوئی سویلینز کی سزاؤں پر ہمیں جی ایس پی پلس کے معاملات پر اکھیاں وکھا رہے ہیں۔
المیہ شاید یہ بھی نہیں کہ نو منتخب امریکی صدر اور اس کی کابینہ کے ساتھ امریکہ بیٹھے کپتان کے حامیوں کے مؤثر تعلقات رنگ دِکھلا رہے ہیں۔ اور یہ تو بالکل بھی نہیں کہ ٹرمپ سرکار کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل مسلسل عمران خان کی رہائی کی مانگ کر رہے ہیں۔ اور اس مانگ سے پہلے امریکہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر قدغن کا ارتکاب بھی کر چکا ہے۔
المیہ درحقیقت کہیں زیادہ سنگین اور سنجیدگی کا متقاضی ہے۔ المیہ سیاسی پسند ناپسند اور حقیقی و غیر حقیقی آزادی ایسے موضوعات سے بالا ہے۔ المیہ سر زمینِ پاکستان کا ہے، اس کے مستقبل کا ہے، مستقبل کی ضامن سکیورٹی کا ہے۔
اسی ضمن کا اہم مدعا ہے نیوکلئیر صلاحیت اور ہماری ڈیٹرنس پالیسی۔ بدقسمتی دیکھیے کہ ہماری رہنمائی پر معمور ہمارے رہنما اس مدعے کی سنجیدگی کا ادراک کرنے سے ہی قاصر ہیں، یہ تمام نامی گرامی لیڈرانِ قوم و ملّت اپنی سیاسی لڑائی میں فقط جملے بازی کے کرافٹ میں دن رات مصروفِ عمل دکھائی دیتے ہیں۔

المیہ درحقیقت ٹرمپ کے اس خصوصی ایلچی اور تحریک انصاف کے چاہنے والوں کی نئی محبت رچرڈ گرینل کے حالیہ ٹی وی انٹرویو کے پہلے حصّے میں عیاں ہے۔ مگر توجہ ہماری محض کپتان بارے رچرڈ کی گفتگو تک ہی محدود رہی۔
موصوف بارے گذشتہ کالم میں تفصیلاً عرض کی تھی، یہ بھی تحقیق تحریر کا حصہ تھی کہ ان کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ اصلی اور مستند ہے اور لیگی متوالے اسے جعلی ثابت کرنے کے بجائے اس کی حرکات و سکنات نیز بیانات پر توجہ دیں۔
موصوف خصوصی مندوب کے عہدے پر نامزدگی کے بعد پہلی بار کسی ٹی وی شو پر جلوہ گر ہوئے ہیں۔ نیوز میکس نامی کیبل نیٹ ورک جو کہ 100 ملین گھروں تک پھیل چکا ہے، کے معروف پروگرام نیوز لائن میں خاتون میزبان ڈی لا گارزا سے مخاطب تھے۔ محترمہ بھلے وقتوں میں اے بی سی اور فوکس نیوز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکی ہیں۔ فیشن انڈسٹری سے لے کر ذاتی ویب سائٹ اور پھر حالاتِ حاضرہ تک جیسے موضوعات پر بدرجہ اتم مہارت رکھتی ہیں۔
اس مختصر انٹرویو کو نشر کرنے سے پہلے ہی ’گارزا‘ایکس (ٹوئٹر) کے ذریعے دنیا بھر کو اطلاع دے چکی تھیں کہ وہ گریننل کے ساتھ خصوصی نشست برپا کرنے جا رہی ہیں اور اس میں اہم چرچا پاکستان کے مقبول رہنما عمران خان بارے ہوگی۔
ظاہر ہے امریکہ بیٹھا کوئی بھی صحافی گرینل کے حالیہ افکار سے غافل تو نہیں ہوگا۔ انٹرویو شروع ہوتے ہی محترمہ کی جانب سے اُٹھایا پہلا مدعا وہ موضوع ہے جسے یہ خاکسار تشویش میں مبتلا ہو کر المیے سے تعبیر کررہا ہے۔
موصوفہ نے وال سٹریٹ جرنل کی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے لانگ رینج میزائل پروگرام اور اس سے جڑی امریکی تشویش کا ذکر کیا اور پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ایسے حساس مدعے پر بھی ڈیبیٹ اوپن کی۔
