Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پیغام ملا کہ ڈیل کر لیں تو بنی گالا منتقل کر دیں گے، عمران خان

یہ لائیو پیج مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

اہم نکات:
  •  پیغام ملا کہ ڈیل کر لیں تو بنی گالا منتقل کر دیں گے، عمران خان
  • وزیراعظم کی آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات، ہوائی جہاز حادثے میں ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس
  • سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائی: 13 دہشت گرد ہلاک، ایک میجر جان سے گیا
  • ’ٹیکس جمع کرنے کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے کرپشن اور ہراسمنٹ کا خاتمہ‘
  • ’دنداسہ ایک سے دوسرے ضلع لے جانا غیرقانونی ہے‘

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں پیغام ملا کہ اگر وہ ’ڈیل‘ کر لیں تو انہیں بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ میں منتقل کر دیا جائے گا۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں وکلا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے پیغام ملا ہے کہ ہم سے ڈیل کریں، ہم آپ کی پارٹی کو سیاسی سپیس دیں گے، لیکن آپ کو ہاؤس اریسٹ کر کے بنی گالہ میں منتقل کر دیں گے۔‘
’میں نے جواب دیا ہے کہ پہلے باقی تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرو۔ میں جیل میں رہ لوں گا لیکن کوئی ڈیل قبول نہیں کروں گا۔ ہاؤس اریسٹ یا خیبرپختونخوا کی کسی جیل میں نہیں جاؤں گا۔‘
ان کہنا تھا کہ ’اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ کا کپتان ڈٹا ہوا ہے۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ’میں اپنے سمندر پار پاکستانیوں سے کہوں گا کہ ترسیلاتِ زر کے بائیکاٹ کی مہم میں شامل ہوں۔ ابھی ہمارے مطالبات کے حوالے سے کمیٹی کمیٹی ہی کھیلا جا رہا ہے۔ تاہم اگر مذاکرات سے مثبت نتائج آئے تو ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی مہم روک دی جائے گی۔‘

وزیراعظم کی آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات، ہوائی جہاز حادثے میں ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات میں قزاقستان کے علاقے اکٹاؤ میں ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کیا۔
جمعرات کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ ’آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی بھائی چارے کے مضبوط تعلقات ہیں۔‘
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’دکھ کی اس گھڑی میں وزیراعظم پاکستان کا آذربائیجان کے سفارت خانے آ کر اظہار افسوس کرنا ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔‘

سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں کارروائی: 13 دہشت گرد ہلاک، ایک میجر جان سے گیا

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے تین مختلف آپریشنز میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ ایک میجر رینک کے افسر بھی جان سے گئے۔
جمعرات کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ آپریشنز ’ 25-26 دسمبر کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئے۔‘
’سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دو، شمالی وزیرستان میں پانچ اور جنوبی وزیرستان میں چھ دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔‘

’ٹیکس جمع کرنے کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے کرپشن اور ہراسمنٹ کا خاتمہ‘

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس جمع کرنے کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے کرپشن اور ہراسمنٹ کا خاتمہ کریں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد ایک تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈھانچے میں اصلاحاتی عمل (سٹرکچرل ریفارمز) جاری ہیں اور ٹیکس ریونیو کا مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے ساتھ ٹیکس کے نظام میں اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی عمل دخل کم کر رہے ہیں جس سے کرپشن اور ہراسمنٹ ختم ہو گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سے بہتری کی طرف جائیں گے۔ ’ٹیکس اتھارٹی میں ٹرسٹ اور کریڈیبیلٹی ہو گی تو ٹیکس دہندہ کا تجربہ بہتر ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت اہم ہے کہ نان ڈیکلریشن اور اَنڈر ڈیکلریشن کا ٹیکنالوجی کے ذریعے معلوم ہو۔  سسٹم میں لیکجز کو ڈیٹا کے ذریعے ختم کریں گے تاکہ عام اڈمی پر غیرضروری دباؤ نہ آئے۔‘
وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح نو سے 10 فیصد ہے۔ اگلے تین برس میں ساڑھے 13 فیصد تک لے کر جانا ہے۔ اور ٹیکس ترمیمی بل کا مقصد ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں

حکومت سے مذاکرات کرنے والی پی ٹی آئی کی کمیٹی کے ارکان عمران خان سے ملاقات کے لیے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل پہنچے ہیں۔
جیل میں ملاقاتوں کے ہفتہ وار دن کے موقع پر عمران خان سے ملنے کے لیے خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی اڈیالہ پہنچے۔

عمران خان کی اہلیہ کی چار مقدمات میں عبوری ضمانت

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دہشت گردی کے 13 مقدمات میں ضمانت کے لیے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا ہے۔
جمعرات کی صبح اُن کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ 26 نومبر کے احتجاج کے بعد بشریٰ بی بی پر 17 مقدمات درج کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ رمنا اور تھانہ ترنول میں درج چار مقدمات میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ’صبح ہم انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد پیش ہوئے۔ وہاں چھٹیوں کی وجہ سے دہشت گردی مقدمات کی ضمانت دائر نہیں ہو سکی۔‘

ٹرین میں مسافر سے چھ کلو چرس برآمد

ریلویز پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے رہائشی ملزم اعتزاز سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی ہے جو ٹرین سے سفر کر رہا تھا۔
ریلویز پولیس کے مطابق ملزم ریلوے سٹیشن مچھ میں جعفر ایکسپریس ٹرین میں سوار ہونے کے لیے داخل ہوا۔
ایس ایچ او مچھ محمد اسلم نے دیگر ساتھیوں سمیت پلیٹ فارم 1 پر شک کی بنیاد پر ملزم کی تلاشی لی۔‘
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس موجود جوس اور لاثانی شیٹ کے ٹکڑوں سے بنے ڈبوں کے اندر سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی جو وہ صوبہ بلوچستان سے سندھ سمگل کرنا چاہتا تھا۔
ملزم کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس مچھ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی ہے۔

’دنداسہ ایک سے دوسرے ضلع لے جانا غیرقانونی ہے‘

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کی پولیس نے کہا ہے کہ دنداسہ ایک سے دوسرے ضلع لے کر جانا غیرقانونی ہے۔
بٹگرام پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق تھانہ بنہ پولیس نے بڑی مقدار میں دنداسہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ بنہ محمود علی شاہ نے ٹیم کے ہمراہ ملزم محمد اکبر سکنہ گنگوال سے 14 بنڈل دنداسہ قبضے میں لیا۔ پولیس نے جرمانے اور ضبطگی کے لیے محکمہ جنگلات کے حوالے کیا۔‘

شیئر: