Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان حج رضاکارگروپ کا حج آپریشن کامیابی سے مکمل

  3 ہزار سے زائد رضاکار وں کو رجسٹر کیاگیا ،  143 تربیتی نشستوں میں 45ہزار سے زائد حجاج کو تربیت فراہم کی گئی،منیٰ آپریشن میں  122 ٹیمیں شریک ہوئیں
ذکاء اللہ محسن۔۔ریاض
   پاکستان حج رضاکار گروپ سعودی عرب کے سینیئر کنوینئر ابرار تنولی نے’’ حج آپریشن 1439‘‘ کے دوران پاکستانی رضا کاروں کی جانب سے مرحلہ وار خدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا پاکستان حج رضاکار گروپ نے 12 ذی الحجہ کی رات عزیزیہ آپریشن کی   تکمیل کے ساتھ ہی اپنا حج آپریشن 1439 ہجری مکمل کر لیا۔مکہ المکرمہ سے تعلق رکھنے والے 120 رضاکاروں پر مشتمل 40 ٹیموں نے العزیزیہ کے علاقے میں موجود رہ کر منیٰ سے واپس آنے والے حجاج ِ کرام کوشدید گرم موسم میں  ٹھنڈا پانی پیش کیا اور نقشوں اور پی ایچ وی جی کی موبائل ایپلیکیشنز منیٰ لوکیٹر اور حج نیوی گیٹر کی مدد سے سے حجاج کو انکی رہائشی عمارتوں تک پہنچایا ۔ پی ایچ وی جی نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی مدد سے رضاکاروں کی رجسٹریشن کی۔  سینیئر رضاکاروں نے مملکت کے مختلف شہروں کے نواح میں موجود لیبر کیمپوں میں جا کر بھی رضاکاروں کی رجسٹریشن کی۔اس دوران 3134 رضاکاروں کو رجسٹر ڈکیا گیا۔ ویسٹرن ریجن سے  1831 رضاکاروں کو رجسٹرڈ کیا گیا۔ریاض  سے 856 جبکہ مکہ مکرمہ سے 213 اور دمام ، الخبر، جبیل  شہروں سے 234 والینٹئرز رجسٹرڈ کئے گئے۔تمام رضاکاروں کیلئے 150 سے زائد تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس میں رضاکاروں کو نقشہ جات، سلائیڈز، مختصر دورانئے کی فلموں اور دیگر سمعی و بصری آلات کی مدد سے تربیت فرائم کی گئی۔ رضاکاروں کو پی ایچ وی جی کی موبائل ایپلیکیشنز ،منیٰ لوکیٹر اور حج نیوی گیٹر کے استعمال کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں جو 30 جولائی سے 17 اگست تک جاری رہا، 48 رضاکاروں پر مشتمل 5 ٹیموں نے حرمِ مکی کے اطراف میں موجود رہ کر حجاج ِ کرام کی انکی رہائشی عمارتوں تک رہنمائی کے فرائض سر انجام دئے۔اس دوران 32ہزار سے زائد حجاج کی رہنمائی کی گئی۔رہنمائی کے اس عمل کا دوسرا حصہ 26 اگست سے دوبارہ شروع ہوگیا جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔
    پی ایچ وی جی نے ضیوف الرحمن پروجیکٹ کا آغاز 27 جولائی کو کیا جو 17 اگست تک جاری رہا۔ 3 سے 5 والینٹئرز اور ایک مدرس پر مشتمل 8 ٹیموں نے حجاج ِ کرام کی رہائشی عمارتوں میں جا کر حجاج کو حجِ بیت اللہ کی ادائیگی کے تمام مراحل کے بارے میں تربیت دی۔ 143 تربیتی نشستوں میں 45ہزار سے زائد حجاج کو تربیت فراہم کی گئی۔ 9 ذی الحجہ سے پی ایچ وی جی نے منیٰ میں اپنا میگا آپریشن شروع کیا جس میں 122 ٹیموں نے حصہ لیا۔ہر ٹیم 15 والینٹئرز پر مشتمل تھی۔منیٰ کو 50 مختلف سیکٹروں میں تقسیم کرکے 50 ایریا انچارج مقرر کئے گئے جنہوں نے اپنے اپنے سیکٹروں میں رضاکاروں کی تقرری اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے مینجمنٹ ٹیم کے 80 سینیئررضاکاروں نے دن رات نہایت تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دئیے ۔مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ 10ہزار حجاج کو انکے خیموں، جمرات، مراکزِ صحت، ٹرین اسٹیشنوں اور مکاتب تک رہنمائی فراہم کی گئی۔ 2100 حجاج کو وہیل چیئر کی سہولت فراہم کی گئی اور 200 ضرورت مند حجاج میں وہیل چیئرمفت تقسیم کئے گئے۔اس کے علاوہ 200 سے زائد بیمار اور زخمی حجاج کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں پہنچایا گیا۔ 11 ذی الحجہ کی رات پی ایچ وی جی کے 100 رضاکاروں نے مصطفوی گروپ کے 15 رضاکاروں کے تعاون سے طوافِ زیارہ پروجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا۔45 شدید زخمی اور بیمار حجاج کو 4 بسوں اور 2 ایمبولینسوں کے ذریعے حرمِ مکی لیجایا گیا اور وہیل چیئرز کے ذریعے انہیں طوافِ زیارہ کروایا گیا۔حج کے آخری دن 12 ذی الحجہ کو 120 والینٹئر پر مشتمل 40 ٹیموں نے العزیزیہ کے علاقے میں موجود رہ کر حجاج کی رہنمائی کی اور انہیں انکی رہائشی عمارتوں تک پہنچایا۔پی ایچ وی جی نے پاکستان حج مشن کی جانب سے فراہم کردہ اپنی رہائشی عمارت میں ایک خصوصی کال سینٹر بھی قائم کیا جس کے ذریعے تمام رضاکاروں سے ہمہ وقت رابطہ برقرار رکھا گیا اور انہیں حجاج کی رہنمائی کے سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کی گئی۔ اس کال سینٹر میں 1140 کالز موصول ہوئیں جن کے جواب میں رضاکاروں کو حجاج کی بہتر اور موثر خدمت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔پی ایچ وی جی کے اورلوسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر کی جانب سے پاکستان حج مشن کو ایسے 24 لاپتہ اور گمشدہ حجاج کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جو عرفات، منیٰ اور جمرات میں اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے تھے ۔پاکستان حج رضاکار گروپ 2011 سے حجاجِ کرام کی خدمت میں مصروف ِ عمل ہے اور اسے پاکستان حج مشن، پاکستان قونصلیٹ جدہ اور پاکستان ایمبیسی کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔ 2017 سے سعودی عرب کی سرکاری فلاحی تنظیم جمعیۃ مراکز الاحیاء بھی پی ایچ وی جی کے معاونین میں شامل ہوگئی ہے۔پی ایچ وی جی کی مینجمنٹ نے اپنی تمام سرگرمیوں اور حج آپریشن کی کامیاب تکمیل پر مذکورہ تمام اداروں ، میڈیا اور اس سے وابستہ افراد، پاکستانی کمیونٹی اور اپنے پُرخلوص رضاکاروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے جن کی شب و روز محنت کی وجہ سے پی ایچ وی جی کو یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
مزید پڑھیں:- - - - -نون لیگ کو دیوار سے لگانے کی جو کوشش کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی ، فیصل قیوم ملک

 

شیئر: