پاکستانی قیدیوں کی منتقلی کے لئے کوشش جاری ہے ، ہشام بن صدیق
ہم وطن قیدیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کےلئے سفارتخانے کیجانب سے لائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے ، سفیر پاکستان کا الحائر جیل کا دورہ ، سپرنٹنڈنٹ اور قیدیو ںسے ملاقات
جدہ( ارسلان ہاشمی ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ مملکت اور پاکستان کے مابین قیدیوں کی منتقلی کے حوالے سے معاہدے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ایسے پاکستانی قیدی جو سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں انہیں وطن منتقل کیاجاسکے ۔ سفیر پاکستان نے ریاض کی سینٹرل جیل" الحائر" کا دورہ کیا اور جیل سپرنٹنڈنٹ کرنل عبدالحکیم الضویغ سے خصوصی ملاقات کی ۔ سفیر پاکستان کے ہمراہ ویلفئیر اتاشی عبدالشکورشیخ بھی موجودتھے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے سفیر پاکستان کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے علاوہ وہاں جاری اصلاحی پروگرامز کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ کرنل الضویغ نے مزید بتایا کہ اصلاحی پروگرام کا مقصد قیدیوں کو معاشرے کا مفید رکن بنانا ہے ۔ الحائر جیل کے بارے سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ جدید طرز کی جیل ہے جس میں قیدیوں کو بلا تفریق تمام سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ خان ہشام بن صدیق نے پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے جیل انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا اور انکے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے پاکستانی قیدی جو اپنی سزا مکمل کر چکے ہیں مگر معمولی جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث وہ ملک نہیں جاسکتے انکے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے ۔ عدالتوں میں زیر سماعت پاکستانی قیدیوں کے مقدمات کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے اس حوالے سے بھی تفصیلی بات ہوئی اور سفارتخانے کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے حوالے سے اتفاق کیا گیا تاکہ عدالتوں میں پاکستانی قیدیوں کے مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جاسکے۔ اس بارے میں سفارتخانہ کی جانب سے جلد ہی لائحہ عمل مرتب کر کے اس پر کام شروع کیا جائے گا ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے سفیر پاکستان کو یقین دلایا کہ پاکستانی قیدیوں کے زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے سفارتخانے کے نمائندے کو تفصیلات مہیا کی جائیں گی تاکہ انکے مقدمات کی بہتر انداز میں پیروی کی جاسکے ۔ سفیر پاکستان اور انکے ہمراہ وفد نے الحائر جیل میں پاکستانی قیدیوں سے ملاقات بھی کی اورانکے مسائل سننے اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر قیدیوں نے سفیر پاکستان کو اپنے اہل خانہ کے مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو انکی قیدکے سبب مشکلات میں مبتلا ہیں جس پر انہوں نے قیدیوں کویقین دلایا کہ وہ مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ مملکت کے قوانین کا احترام ہم سب کا فرض ہے ۔ قانون انسانوں کی فلاح و بہبو دکے لئے بنائے جاتے ہیں جن پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ۔