ریاض ( وا س) پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کے اعلیٰ ادارے نے اعلان کیا ہے کہ 45ہزار سے زیادہ سعودی لڑکیاں اور لڑکے موبائل مارکیٹ میں فروخت اور اصلاح و مرمت کے کام کرنے کیلئے تیار ہو گئے ہیں ۔ یہ اعلان جمعرات کو ریاض میں منعقدہ 8ویں سعودی ٹیکنالوجی نمائش اور کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔ مذکورہ ادارے نے سعودی لڑکیوں اور لڑکوں کو موبائل فروخت کرنے کا ہنر اور اصلاح و مرمت کی تربیت دینے کیلئے مفت پروگرام منعقد کئے تھے ۔ اعلیٰ ادارے کے ترجمان فہد العتیبی نے بتایا کہ سعودی لڑکیاں اور لڑکوں کو 4پروگرام کرائے گئے ۔ ایک تو موبائل فروخت کرنے کے طور طریقوں سے متعلق تھا دوسرا صارفین کی خدمت، تیسرا موبائل کی بنیادی مرمت اورچوتھا موبائل کی اصلاح و مرمت کے اعلیٰ پروگرام سے تھا ۔ پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کے اعلیٰ ادارے کے اہلکار نمائش میں بھی لڑکے اور لڑکیوں کو مفت تربیتی کور س کرا رہے ہیں ۔ سعودی شہری کثیر تعداد میں نمائش دیکھنے کیلئے آرہے ہیں ۔ اسمارٹ ایپلیکیشنز، موبائل کورس اور قافلہ سالار سرمایہ کاروں کے تجربات میں دلچسپی لی جا رہی ہے ۔ نمائش 2ہزار مربع میٹر کے پلاٹ پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ بڑی بڑی نجی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں ۔