Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: پاکستان اسکواڈ کا اعلان

 
لاہور:ایشیا کپ کیلئے پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ۔ انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا۔ آل راونڈر محمد حفیظ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کو پہلی مرتبہ ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ شان مسعود نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کی تھی لیکن ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی اس سال ریجنل کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے8 میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے656 رنز اسکور کئے جن میں 2سنچریاں اور4 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ وہ اس سال زمبابوے کے دورے میں2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔آل راونڈر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ۔ وہ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے تھے۔ سلیکٹرز نے لیفٹ آرم اسپنر کے طور پر محمد نواز پر اعتماد برقرار رکھا ۔پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد ( کپتان ) فخرزمان، امام الحق،بابرزمان،شعیب ملک، حارث سہیل ،آصف علی، حسن علی، شاداب خان،محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری، محمد نواز، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی۔ ایشیا کپ15 سے28 ستمبر تک دبئی اور ابوظبی میں کھیلا جائے گا ۔ دریں اثناء چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاکہ ایشیا کپ میں دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ آل راونڈر محمد حفیظ کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا۔وہ پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں۔ عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کیلئے 3 مواقع دئیے گئے تاہم اپنی انجری کے باعث وہ ٹیسٹ کلیئر نہیں کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 6 فاسٹ بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر نے کہاکہ بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جن کی پرفارمنس اچھی ہے لیکن انہیں اس وقت موقع نہیں دیا جاسکتا۔ کامران اکمل کے بیان پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرتا ہوں، انہیں بلے مارنے کا نہیں کہتا تاہم ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

شیئر: