بغیر لائسنس 6سال تک ڈینٹسٹ کا کام کرنیوالی خاتون گرفتار
کوپ کائونٹی ..... جارجیا پولیس نے یہاں ایک ایسی خاتون کے خلاف چھان بین شروع کردی ہے جو تقریباً اناڑی تھی اور جسکے پاس’’ دندان سازی ‘‘ کی کوئی سند بھی نہیں تھی۔ ایک مقامی اسپتال کے شعبہ دندان سازی میں 6سال تک بڑے اطمینان سے کام کرتی رہی ۔ باخبر ذرائع کے مطابق ان 6برسوں کے دوران کسی کو اسکی صلاحیتوں اور کارکردگی پر کوئی شبہ بھی نہیں ہوا۔ اس دوران اس نے کئی مریضوں کے منہ اور جبڑے کے کئی آپریشن بھی کئے جن میں سے بیشتر کامیاب رہے تاہم ایک ، دو آپریشن خراب ہوگئے جس کی وجہ سے کم از کم ایک مریض کے منہ میں ٹینس کی گیند کے سائز کا ایک ٹیومر نما لوتھرا بن گیا۔ اور اسی مریض کی شکایت پر پولیس نے اس خاتون کو گرفتار کرلیا اور پوچھ گچھ شروع کی تو پتہ چلا کہ اسکے پاس ڈینٹسٹری کی نہ تو کوئی ڈگری ہے اور نہ ہی سابقہ تجربہ۔ ملزمہ کو 23اگست کو گرفتار کیا گیا تھا جسکے بعد سے وہ اب تک حوالات میں ہے جہاں اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ خاتون پر 3غیر قانونی قسم کے نسخے تحریر کرکے مریضوں کو دینے کا الزام بھی ہے ۔ سی بی سی نے اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک اور خطرناک قرار دیا ہے۔