سپریم کورٹ میں2خواجہ سراوں کو ملازمت
اسلام آباد... سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثارنے 2 خواجہ سراوں کو سپریم کورٹ میں ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے خواجہ سراوں کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ سراوں کے بنیادی حقوق سے متعلق این جی اوز اور کے پی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہیں۔خواجہ سراوں کو حقوق دلانا اولین ترجیح ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے2خواجہ سراوں کو سپریم کورٹ میں ملازمت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراوں کی تضحیک کی جاتی ہے۔عدالت انہیں قومی دھارے میں لانا، ان کی حفاظت اور مسائل کا حل چاہتی ہے۔سپریم کورٹ نے خواجہ سراوں کے حقوق سے متعلق سفارشات 2 ہفتوں میں طلب کرلیں۔عدالت نے خواجہ سراوں کے خلاف بلیو وین ویب سائٹ کے مالک کونوٹس جاری کردیا ۔