Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین وزیراعظم نریندر مودی سنیچر کو کویت کا دورہ کریں گے

نریندر مودی دو روزہ دورہ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کر رہے ہیں (فوٹو: پی آئی بی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی سنیچر کو کویت کا دورہ کریں گے جو چار دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی انڈین وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کویت میں 10 لاکھ سے زیادہ انڈین شہری رہتے اور کام کرتے ہیں اور ملک کی سب سے بڑی تارکین وطن کی کمیونٹی ہیں، جو اس کی 43 لاکھ آبادی کا تقریباً 21 فیصد اور اس کی افرادی قوت کا 30 فیصد ہے۔
نریندر مودی دو روزہ دورہ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
انڈین وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’43 سالوں میں کسی انڈین وزیراعظم کا کویت کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔‘
دورے کے دوران وزیراعظم کویت کی قیادت سے بات چیت کریں گے اور انڈین برادری سے بھی بات چیت کریں گے۔
انڈیا کویت کے سرفہرست تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے جس کی دو طرفہ تجارت 2023-24 میں تقریباً 10.4 ارب ڈالر ہے۔
ماہرین کو توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں سنٹر فار ویسٹ ایشین سٹڈیز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر مدثر قمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’کویت میں ایک مضبوط انڈین تارکین وطن کی کمیونٹی ہے جس نے ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔‘
’میرے خیال میں توجہ معیشت پر ہو گی۔ سیاسی طور پر یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کویت ایک اہم علاقائی ملک ہے اور انڈیا کا ایک اہم شراکت دار ہے۔‘
مدثر قمر نے کہا کہ اس دورے سے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت میں تعاون کا امکان ہے۔
آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے سٹریٹجک سٹڈیز پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر کبیر تنیجا نے کہا کہ مودی کا دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح عرب ریاستوں کے ساتھ انڈیا کی مصروفیت نے معیشت پر توجہ مرکوز کی ہے۔
ان کے مطابق "یہ دورہ انڈیا کے لیے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کو بڑھانے اور چھوٹی عرب ریاستوں کے ساتھ مواقع تلاش کرنے کا ایک اچھا موقع ہے جس میں کویت بھی شامل ہے۔‘

شیئر: