کراچی: 1000 موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل نئی پولیس فورس
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
کراچی: کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ 1000 موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل خصوصی اسٹریٹ واچ فورس تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کو معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے ظہرانے سے خطاب کے دوران کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر جلد قابو پالیں گے ، وزیر اعلیٰ سندھ سے سیف سٹی پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کے لیے بات کی ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہاکہ موبائل چھیننے اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ،ان جرائم کے خاتمے کے لیے ایک ہزار موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل اسٹریٹ واچ فورس تشکیل دی جارہی ہے ،ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں ان کے سامنے 15فورس میں بہتری، سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل اور فرانزک لیب کے قیام کے نکات رکھے تھے ، توقع ہے اس سلسلے میں جلد پیش رفت سامنے آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 5 سال قبل کراچی دنیا کے 10 خطرناک ترین شہروں میں شامل تھا تاہم اب کراچی 50 خطرناک شہروں کی فہرست میں بھی نہیں ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر میں10 ہزار کیمرے لگائے جائیں گے اور سیف سٹی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اورچہرہ شناسی کے سافٹ وئیرہوں گے ۔