ریاض- - - - پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اور ریلوے کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح نے جمعرات کو حرمین ایکسپریس ٹرین کے کرایوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ کرایوں کا فیصلہ ریلوے جنرل کارپوریشن کی مجلس انتظامیہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العامودی نے اجلاس کی صدارت کی۔ الرمیح نے بتایا کہ کرائے 2زمروں میں رکھے گئے ہیں ۔ گیسٹ کلاس اور بزنس کلاس کی شکل میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر جدہ میں السلیمانیہ ریلوے اسٹیشن سے مکہ مکرمہ گیسٹ کلاس کا کرایہ 40ریال ہوگا جبکہ بزنس کلاس کا کرایہ 50ریال مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ گیسٹ کلاس کا کرایہ 150ریال اور بزنس کلاس کا 250ریال منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دو ماہ تک دونوں کرایوں میں 50فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس کا سلسلہ اکتوبر سے شروع ہوگا۔ الرمیح نے حرمین ایکسپریس ٹرین کے اوقات کار کی بابت سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر کے شروع سے دسمبر 2018ء کے اختتام تک جمعرات ، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جدہ السلیمانیہ اور کنگ عبداللہ سٹی سے ٹرینیں باقاعدہ طور پر چلیں گی البتہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حرمین ایکسپریس ٹرین کا سفر ائیرپورٹ او رریلوے اسٹیشن مکمل ہونے پر شروع کیا جائے گا۔ روزانہ 8ٹرینیں چلا کریں گی۔ دونوں جانب سے 4، 4ٹرینیں چلیں گی۔ 2019ء کے شروع سے حرمین ٹرین روزانہ کی بنیاد پر چلنے لگے گی۔ اس کا نظام الاوقات باقاعدہ طور پر جاری ہو گا۔ حرمین ٹرین پروجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد فدا نے بتایا کہ ٹرین کی ویب سائٹ سے اکتوبر 2018ء کے دوران ریزرویشن اور ٹکٹ خریدنے کی سہولت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن تیار ہو چکے ہیں۔ دکانوں کیلئے جگہیں کرائے پر دینے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اسٹیشنوں پر مسافروں کو اپنی ضرورت کا سارا سامان اور کھانے پینے کیلئے ریستوران مہیا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جدہ ریلوے اسٹیشن کا محل ووقوع منفردہے۔ حرمین شاہراہ پر واقع ہے ، 766ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں فی گھنٹہ 25ہزار مسافر کھپ سکتے ہیں۔ مکہ مکرمہ ریلوے اسٹیشن حرم شریف سے 4کلو میٹر کی مسافت پر الرصیفہ محلے میں سرکلر روڈ 3پر بنایا گیا ہے۔ یہاں ایک گھنٹے میں 20ہزار مسافر آجا سکتے ہیں۔ یہ 503ہزار مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ مدینہ منورہ کے ریلوے اسٹیشن کا محل و وقوع بھی منفرد ہے ۔ یہ مسجد نبوی سے 9کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ کنگ عبدالعزیز روڈ پر 268ہزار مربع میٹر پر قائم کیا گیا ہے۔ اس سے فی گھنٹہ 4ہزار افراد سفر کر سکتے ہیں۔یہاں سے مسجد نبوی آنے جانے کیلئے بس اور ٹیکسی سروس مہیا ہو گی۔ یہ مدینہ ائیرپورٹ سے 13کلو میٹر دور ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - - -ریاض: نواز شریف کی رہائی پر مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں کا اجلاس