Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: بچی کے اغوا کی ایک اور واردات‘ ملزم گرفتار

کراچی: مختلف علاقوں سے بچوں کے اغوا کے بڑھتے واقعات کے بعد شہری چوکنا ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں گزشتہ کچھ عرصے سے بچوں کے اغوا کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ واقعہ میں گزشتہ شب کورنگی سے اغوا کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے اہل علاقہ نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کورنگی کے سیکٹر 33 ایف میں نذیر احمد میرانی نے 10 سالہ بچی دعا دختر محمد حسین کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اس دوران ملزم بچی کو زبردستی اپنے رکشا میں بٹھانے لگا جس پر بچی نے شور مچانا شروع کردیا۔ آواز سن کر موقع پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو مشتعل افراد کے چنگل سے آزاد کرانے کے بعد دعا کے والد محمد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ایک روز قبل ہی زمان ٹاﺅن پولیس نے اہل محلہ کی مدد سے کمسن بچے کو اغوا کر کے فرار ہونے والے افغانی باشندے کو گرفتار کر کے بچے کو بازیاب کیا تھا۔ واضح رہے کہ پولیس ذرائع کا ایسے واقعات پر موقف ہے کہ شہر میں بچوں سے اغوا کے متعلق واقعات کی اصل تعداد اتنی زیادہ نہیں، زیادہ تر افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ تاہم جو واقعات درج ہو رہے ہیں ان پر کارروائی جاری ہے۔
 

شیئر: