88واں یوم الوطنی آج ، تقریبات جاری، شہر قومی پرچموں سے سج گئے
کورنیش پر سبز لائٹوں سے سجاوٹ، عمارتیں اور مارکیٹیں قومی پرچموںسے سجادی گئی ، ائیر پورٹ پر خصوصی تقریبات ، مسافروں میں تحائف تقسیم کئے جارہے ہیں
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مملکت کے 88 ویں یوم الوطنی کے سلسلے میں تمام شہروں اور قصبوں میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ کورنیش ساحل کو پرچموں اور خوبصورت سبز لائٹوں سے سجایا گیا ۔ ائیر پورٹ پر یوم الوطنی کے حوالے سے مسافروں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ ائیر پورٹ کے ترجمان ترکی الذیب نے بتایا کہ مملکت کے 88 ویں قومی دن کی مناسبت سے ائیر پورٹ ٹرمنلز کو قومی پرچموں سے سجایا گیا۔ شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عصام فواد نے قومی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ ائیر پورٹ کو سبز غباروں اور پرچموں سے سجایا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا وطن عزیز کے 88 ویں یوم کی مناسبت سے تقریبات کا آغاز کر رہے ہیں ۔ اس خوشی کے موقع پر مسافروں میں تحائف تقسیم کئے جائیں گے جبکہ مختلف تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی ۔ ائیر پور ٹ پر تقریبات کا سلسلہ چند روز جاری رہے گا ۔ مخصوص مسافروں کےلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جنہیں خوش آمدید اور رخصت کے موقع پر الوداع کہتے ہوئے انہیں چاکلیٹ اور دیگر تحائف دیئے جائیں گے ۔ ٹرمنل پر خصوصی بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں جن پر لوگ اپنے خیالات کو تحریری صورت میں بیان کررہے ہیں ۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔ ساحل سمندر پر سبز لائٹوں نے انتہائی خوبصورت ماحول پیدا کیا جبکہ قومی پرچموں سے کورنیش کو سجایا گیا ہے ۔ ساحل پر جانے والے راستوں پر بھی سعودی عرب کے جھنڈے لگائے گئے جبکہ نئے تعمیر کئے جانے والے کورنیش پر رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد رات گئے تک موجود رہی ۔ مختلف مالز کو بھی انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔ تقریبات کا سلسلہ کئی دن تک جاری رہے گا ۔