متعلقہ ادارے نے مکان کو مخدوش قراردے کر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا(فوٹو، ایکس)
مصر کے شہر ’ادکو‘ میں 18 سالہ جوان دلہن کو عروسی جوڑا نصیب نہ ہو سکا۔ جس گھر میں شادی کی تیاریاں زوروشور سے جاری تھیں اسی کے ملبے تلے دب گئی۔
العربیہ نیوز کے مطابق البحیرہ کمشنری میں پیش آنے والے المناک واقعے نے اہل مصر کو ہلا کررکھ دیا۔ 18 سالہ حنان اشرف کی شادی کی تیاریاں زور وشور سے جاری تھیں۔ محلے میں شادی کی وجہ سے رونقیں عروج پر تھیں۔ اہل خانہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ان کے ساتھ اچانک کیا ہو جائے گا۔
ادکو محلے میں تین منزلہ مکان جسے متعلقہ حکام نے مخدوش قرار دیا تھا اچانک منہدم ہو گیا جس کے ملبے تلے دلہن دب گئی۔ امدادی ٹیموں نے کافی کوشش کرکے ملبے کے نیچے دبئی ہوئی دلہن کو نکالا مگر اس میں زندگی کے کوئی آثار نہ تھے۔
المناک سانحہ سے دلہن کے اہل خانہ ہی نہیں بلکہ پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔ جس گھر میں حادثے سے کچھ دیر قبل تک خوشیوں کا ڈیرہ تھا وہاں اب صف ماتم بچھ گئی اور دلہن کو جس کا جہیز بھی تیار ہو چکا تھا عروسی جوڑے کی جگہ کفن پہنادیا گیا۔
علاقے کے ایک شخص نے بتایا کہ مکان کے حوالے سے متعلقہ ادارے نے دلہن کے والد کو نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں اسے مخدوش قرار دیتے ہوئے فوری خالی کرنے کا کہا گیا مگر دلہن کے والد نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ بیٹی کی شادی کے بعد گھر گرا کر دوبارہ تعمیر کروں گا ۔