Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ادبی پناہ گاہوں کا پُرسکون منظر پیش کرتے کافی ہاؤس

کافی پینے کے ساتھ کتابوں سے محبت اور ادب سے لازوال رغبت کا جذبہ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔
ریاض کا ثقافتی منظر نامہ خاموشی سے ایک نئی شکل اختیار کر رہا ہے، جہاں کافی پینے کے شوقین افراد ادب کے لازوال شوق میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ان ادبی پناہ گاہوں میں کافی پینے کے ساتھ ساتھ کتابوں سے محبت اور ادب سے لازوال رغبت کا جذبہ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔
ریاض میں قائم جدید کافی شاپس کتاب گھر کا نظارہ پیش کر رہے ہیں جہاں کافی سے لطف اندوز والے افراد کے ساتھ  قارئین اور مفکرین بھی جمع ہوتے ہیں۔
تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے  یہ کافی شاپس دور جدید کی تیز رفتار دنیا میں شاندار علمی گھوارہ تصور کئے جا رہے ہیں۔

دی بک کلب: کتاب بینی کے شوقین افراد کے لیے پُرسکون مقام

ریاض کے حئی الیاسمن میں  ’دی بک کلب‘ کے نام سے قائم کافی شاپ کتاب بینی کے شوقین افراد کے لیے سازگار ماحول میں ایک پُرسکون مقام ہے، خاص طور پر ان کے لیے جو عربی ادب سے محبت کرتے ہیں۔
دی بک کلب کی شیلفیں عربی کلاسیکی ادب  کے ساتھ ساتھ جدید نایاب کتابوں سے بھری ہوئی ہیں، جن کے ساتھ انگریزی زبان میں کتابوں کا  ایک محدود ذخیرہ بھی موجود ہے۔

صوفیا: کیفے، لائبریری اور ادبی ملاقاتوں کا مرکز

صوفیا کیفے ریاض کے ادبی منظر نامے میں اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے جہاں علمی اور تخلیقی صلاحیتیں رکھنے والوں کے ساتھ کافی کی محفل کے ساتھ بامعنی روابط فروغ پاتے ہیں۔
یہاں لکڑی سے بنے خوبصورت بُک شیلفز عربی اور انگریزی زبان میں منتخب کتابوں کے ذخیرے سے بھرے ہوئے ہیں جو مختلف ذوق رکھنے والوں کی ذہنی تسکین کے ساتھ علمی ضروریات پوری کرتے ہیں۔

کافی ٹریز: سبزہ زار میں  کافی کی خوشبو

ریاض کے الریان ضلع میں ’کافی ٹریز‘ کے نام سے قائم کافی شاپ ایک ایسی جگہ ہے جہاں خوبصورت سبزہ زار کے ساتھ ادبی دلکشی کا امتزاج پایا جاتا ہے۔
کیفے کی سرسبز سجاوٹ، پودوں اور قدرتی عناصر کے ساتھ اس جگہ کو نباتاتی پناہ گاہ میں ڈھال دیتی ہے اور کتابوں سے محبت کرنے والے اس ماحول میں اپنا بہترین وقت گزارتے ہیں۔
اگرچہ یہاں کی لائبریری میں کتابیں محدود ہیں لیکن منتخب کتابوں کا مجموعہ کیفے کے پُرسکون ماحول کے یکسر ہم آہنگ ہے، اس ماحول میں اکثر افراد کافی کی خوشبو اور کتابوں کے صفحات میں گم ہو جاتے ہیں۔

وثبہ قہوہ و کتاب: جہاں ادب کی کشش فروغ پاتی ہے

النرجس کے علاقے میں موجود وثبہ قہوہ و کتاب علمی ذوق رکھنے والوں کے لیے دلکشی کا مظہر ہے۔
زمین سے چھت تک بنائے گئے کتبوں کے دیدہ زیب شیلفز، قدیم طرز کی سجاوٹ اور پُرسکون کونوں کے ساتھ یہ قارئین اور مفکرین کے لیے ایک مثالی جگہ ہے۔
یہاں کا منتخب مجموعہ مختلف اصناف اور ادوار کا احاطہ کرتا ہے جو ہر آنے والے کے لیے کچھ نہ کچھ دلکشی ضرور رکھتا ہے۔
وثبہ کافی شاپ کا خاموش ماحول مطالعہ، ادبی گفتگو  کے لیے ہی نہیں بلکہ اس کے جمالیاتی حسن میں ڈوبنے کے لیے بہترین مقام ہے۔

اُنس کافی روسٹرز: جہاں سادگی سکون سے ملتی ہے

ریاض کے العقیق علاق میں قائم’ اُنس کافی روسٹرز‘ اُن افراد کے لیے ایک سادہ اور انتہائی پُرسکون جگہ فراہم کرتا ہے جو سکون اور سادگی کے متلاشی ہیں۔
اس قہوہ خانے کی سادہ مگر دیدہ زیب ڈیزائننگ، آرٹ کے عمدہ نمونے اور آرام دہ نشستیں بہترین ماحول مہیا کرتی ہیں جو ذہنی سُکون کے لیے مثالی جگہ ہے۔
اگرچہ اس کی لائبریری محدود ہے لیکن یہاں موجود کتابیں غور و فکر اور تجسس کو ابھارنے  میں مدد دیتی ہیں۔

ریاض میں کافی شاپس پر کتابوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ادب، فن اور کمیونٹی میں کتاب بینی کے شوق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ کیفے ایسے مقامی افراد اور زائرین کی علمی ضروریات پوری کر رہے ہیں جو ڈیجیٹل دنیا میں بامعنی روابط کے قدردان ہیں۔

 

 

شیئر: