تیل پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا، خالد الفالح
الجزائر ... سعودی وزیر توانائی و صنعت و معدنیات خالد الفالح نے واضح کیا ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اسکے اتحادیوں نے سردست تیل پیداوار میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن ممالک اور اتحادی فی الوقت جتنا تیل نکال رہے ہیں اتنا ہی نکالتے رہیں گے۔ وہ الجزائر کے دارالحکومت میں اوپیک اور اتحادی ممالک کے وزرائے پٹرولیم کے دسویں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ تیل پیداوار میں کمی کے معاہدے کی صد فیصد پابندی کی جائیگی۔ کوئی بھی ملک اس سے بال برابر بھی انحراف نہیں کریگا۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ تیل منڈی میں ٹھہراﺅ ہے۔ طلب اور رسد کا معیار لگ بھگ ایک جیسا ہے۔ تمام متعلقہ ممالک سال رواں کے اختتام تک اپنی مہم جاری رکھیں گے۔2019ءکے حوالے سے رکن ممالک نئی حکمت عملی طے کرینگے۔