وزیر اعظم مودی نے سکم کے پہلے ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا
گنگ ٹوک۔۔۔۔ وزیر اعظم نریندرمودی نے آج سکم کے پہلے پاک یونگ گرین فیلڈ ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کا ذکرکرتے ہوئےکہا ہمارے دور اقتدار میں سالانہ 9ایئرپورٹ کی اوسط سے 4سال میں 35ایئرپورٹ تعمیر کئے گئے۔ پاک یونگ ایئر پورٹ ہمارے ملک کے انجینیئروں کی کاریگری کا حسین شاہکار ہے۔ مودی نے کہا کہ قومی پروازوں کے اعتبار سے ہندوستان آج دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔ پاک یونگ گرین فیلڈ ہوائی اڈہ سطح زمین سے 4500فٹ بلندی پر قائم کیا گیا۔ یہ گنگ ٹوک سے تقریباً30کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جو ریاست کا پہلا ایئرپورٹ ہے۔ یہ 400ہیکٹر رقبہ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سے تجرباتی پروازوں کا سلسلہ ختم ہوگیا۔امید ہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے طیاروں کی باقاعدہ پروازوں کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔پاک یونگ ایئرپورٹ چین کی سرحد سے 60کلومیٹر اور سکم کے دارالحکومت گنگ ٹوک سے 30کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسے ہندوستانی ایئرپورٹ اتھارٹی (اے اے آئی) نے تعمیر کیا۔ یہاں ہرقسم کے طیارے اتر سکتے ہیں۔آئندہ تہوار کے موقع پر اسپائس جیٹ پاک یونگ سے کولکتہ اور گوہاٹی کے درمیان پرواز شروع کریگی۔ اس کا ابتدائی کرایہ 2600روپے ہوگا۔واضح ہو کہ سکم 1975ء میں ہندوستان کی 22ویں ریاست بنی۔ یہاں سیاحوں کیلئے پرکشش مقامات ہیں۔ گزشتہ سال 14لاکھ سیاح سکم سیروتفریح کیلئے پہنچے تھے۔