پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت سکتی ہے ، مکی آرتھر
دبئی:پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو امید ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میںفتح پاکستانی ٹیم پر موجود دباو ختم کردے گی اور ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ ایشیا کپ جیت سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف ہندسے مسلسل 2میچوں میں یکطرفہ شکست کے بعد اب ہمارے پاس بنگلہ دیش کو ہرا کر دباو سے نکلنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری منزل دور نہیں۔چیف سلیکٹر انضمام الحق ٹور سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ایشیا کپ کے میچوں کیلئے پلیئنگ الیون کے انتخاب سے خوش نہیں اور صورتحال کا جائزہ لینے خود دبئی پہنچ گئے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ آج پاکستان کا بنگلہ دیش سے میچ اور ٹیم کی جیت کی صورت میں فائنل کے بعد وطن واپس آئیں گے۔ انضمام الحق پلیئنگ الیون کے انتخاب میں اپنی رائے دینا چاہتے ہیں۔ سلیکشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا عمل دخل حد سے زیادہ بڑھ چکا ہے اور انہیں من مانی کرنے کا موقع ملتا رہامگر اب ناکامیوں سے سلیکشن کمیٹی پر دباو بڑھ گیاہے ۔دریں اثناءہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ فائنل میں ہندکو ہرانا چاہتے ہیں تاکہ2 بڑی ناکامیوں کا حساب برابر ہو سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دبئی میں ہندکے ہاتھوں9 وکٹوں سے شکست ان کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی تھی۔ مکی آرتھر نے یہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا کہ ہند کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم مقابلہ کرنے کے قابل نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل غلط ہے تاہم یہ حقیقت ہے کہ ٹیم بیٹنگ کے دوران ہندوستانی بولنگ کو دباو میں نہیں لاسکی اور جب ہماری بولنگ آئی تو خراب فیلڈنگ کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کی ابتدائی وکٹیں جلد نہیں مل سکیں جس سے دباو بڑھتا چلا گیا۔ فیلڈ رز نے مواقع گنوا دیئے جس سے بولرز بھی دباو میں آگئے۔کوچ نے کہا کہ اگر ہماری فیلڈنگ کوتاہی کا مظاہرہ نہ کرتی تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی،جو کچھ ہوا اس کے نتیجے میںروایتی حریف نے ہمیں آوٹ کلاس کردیا اور ہمارے لئے کھیل میں واپسی کے راستے بھی بند کردیئے۔مکی آرتھر نے کہا کہ شعیب ملک ، سرفراز اور محمد عامر کے سوا ٹیم کے باقی ارکان نا تجربہ کار ہیں اور ٹیم تشکیل نو کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں