جرمنی کا مملکت سے اظہار افسوس
جدہ ... سعودی عرب نے جرمن وزیر خارجہ ہیکو میس کے اظہار افسوس پر مشتمل بیان کا خیر مقدم کردیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ نیویارک میں ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران سعودی عرب اور جرمنی کے تعلقات غلط فہمی کا شکار رہے۔ یہ غلط فہمی مملکت کیساتھ جرمنی کے مضبوط اسٹراٹیجک تعلقات سے کسی طرح میل نہیں کھاتی۔ ہمیں سچ مچ اسکا افسوس ہے۔ ہمارے لئے بہتر ہوتا کہ دو طرفہ غلط فہمی سے بچنے کیلئے مکالمے اور رابطہ جات میں زیادہ صاف گوئی سے کام لیا جاتا۔ آئندہ مملکت کے ساتھ شراکت کو ماضی سے کہیں زیادہ مضبوط بنانے کیلئے حتی الامکان کوشش کرینگے۔سعودی عرب نے جرمنی کیساتھ اسٹراٹیجک گہرے تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک تاریخی اور اہم تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب اور جرمنی خطے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے لئے اہم کردارادا کرنے والی ریاستیں ہیں۔ دونوں بین الاقوامی اقتصادی نظام میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے جرمن ہم منصب کو پہلی فرصت میں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دیدی۔