اتحادی جماعت کا حکومت سے علاحدگی کا اشارہ؟
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن کے ارکان نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ضمنی بجٹ کو عوام دشمن قرار دینے کے ساتھ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اس موقع پر حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رکن نے ضمنی بجٹ سے متعلق طے شدہ 6 نکات میں سے کسی کے لیے کچھ بھی نہ رکھنے پر حکومت سے علاحدگی کا اشارہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے حکومت کی جانب سے مختصر عرصے کے دوران گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان معاملات پر پارلیمان کو اعتماد میں لے۔
ایوان بالا میں ضمنی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا یہ بدترین بجٹ ہے۔ آپ تو تبدیلی کے دعویدار تھے، کہیں پھر یو ٹرن نہ لینا پڑے۔ جس طرح آج ریڈیو بلڈنگ کے حوالے سے یو ٹرن آیا ہے۔ ملک میں معاشی بے یقینی کی صورتحال ہے۔ حکومت کو معلوم نہیں کہ اسٹاک ایکسچینج سے روپے باہر جارہے ہیں۔