نجی اسپتال میں ڈکیتی‘ لاکھوں روپے اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
کراچی:نجی اسپتال میں ڈکیتی کی دن دیہاڑے ہونے والی واردات میں مسلح ڈکیت لاکھوں روپے اور قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں واقع نجی اسپتال سے ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے نقد اور قیمتی مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ بلاک 9 میں واقع اسپتال سے لوٹے گئے سامان میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ڈی وی آر سمیت دیگر سامان بھی شامل تھا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق مسلح ڈاکو 20 تا 25 منٹ تک ڈکیتی میں مصروف رہے۔ ڈاکوؤں نے اسپتال کے عملے اور گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ مریضوں، تیماداروں اور ڈاکٹرز سے بھی لوٹ مار کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز افسران موقع پر پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق مسلح ملزمان فرار ہوتے ہوئے گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ اسپتال کے قریب واقع مسجد کے سامنے پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس نے اسپتال کے سپروائزر محمد اصغر پرویز کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے ۔