Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رئیل میڈرڈ ،بارسلونا اور لیورپول کو اپ سیٹ شکست

لندن:دنیائے فٹبال کے 3معروف کلب کیلئے نئے سیزن کا آغاز زیادہ خوشگوار ثابت نہیں ہوا اور موجودہ چیمپیئنز لیگ چیمپیئن ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ، رنر اپ لیور پول اور سابق چیمپیئن بارسلونا کی ٹیمیں اپنی اپنی لیگ میں شکست سے دوچار ہوئیں ۔ لیور پول انگلش لیگ کپ سب سے کامیاب کلب ہے لیکن اس مرتبہ اسے چیلسی نے پہلے ہی میچ میں شکست دے کر لیگ سے باہر کردیا ہے ۔ یہ سیزن میں لیور پول کی پہلی شکست بھی ہے اور اسے 1-2سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈینیئل اسٹرج نے لیور پول کو برتری دلا دی تھی لیکن اس کے بعد اس کی جانب سے مزید کوئی گول نہ ہوسکا جبکہ چیلسی نے دوسرے ہاف کے دوران یکے بعد دیگرے 2گول کرکے مقابلہ جیت لیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول متبادل کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ کے حصے میں آیا۔دوسری جانب اسپینش لیگ کے دوران رئیل میڈرڈ کو غیر متوقع طور پر سیویلا کے ہاتھوں0-3کی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔ رئیل میڈرڈ نے گزشتہ سیزن میں مسلسل تیسری مرتبہ یورپ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ جیتا تھا جبکہ اس کے کروشین کھلاڑی لوکا موڈرچ نے حال ہی میں سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز بھی جیتا۔ اس میچ میں موڈرچ کا ایک گول ریفری نے تسلیم نہیں جبکہ اسے کارڈ بھی دکھایا گیا اور پھر باہر بٹھا دیا گیا۔ پہلے ہاف میں آندرے سلوا اور وسام بن حیدر نے ایک ایک گول کیا جبکہ تیسرا گول دوسرے ہاف میں ہوا۔لیگ کے ایک اور میچ میں چیمپیئن ٹیم بارسلونا کو بھی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر معروف کلب لیگانس نے اسے1-2سے ہرایا۔ برازیلی کھلاڑی فلپے کوٹنہو نے بارسلونا کو برتری دلائی تھی لیکن اسے برقرار نہ رکھا جاسکا ۔رئیل میڈرڈ سے مستعار لئے گئے کھلاڑی آسکر روڈرگز نے میچ برابر کیا جبکہ لیور پول کے سابق کھلاڑی نبیل الزاہر نے دوسرا اور فیصلہ کن گول کرتے ہوئے لیگانس کی فتح کی راہ ہموار کردی۔کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لائنل میسی نے کوشش کی لیکن ان کا جادو بھی نہ چل سکا اور وہ کوئی گول نہ کر پائے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: