22فٹ لمبی مونچھوں والا راجستھانی روزانہ 3گھنٹے مونچھوں کو تاﺅ دیتا ہے
بیکانیر، راجستھان.... لوگ اپنی صحت ، شکل و صورت کے ساتھ بالوں، داڑھیوں اور مونچھوں کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں تاہم ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ کوئی سرکاری ملازم اس قسم کے شوق میں مبتلا ہوا ہو۔ مگر یہاں رہنے والے گردھر ویاس نے جو اپنی مونچھوں کا بیحد خیال رکھتے ہیں اور 30برس سے مونچھوں پر تاﺅ دیتے رہے ہیں۔ اب انکی مونچھ 22 فٹ لمبی ہوچکی ہے۔ اس عجیب وغریب قسم کی شکل اختیار کرلینی والی مونچھ کی وجہ سے وہ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں میں ایک نظرآتے ہیں۔ انکا دعویٰ ہے کہ انکی مونچھیں دنیا کی سب سے لمبی مونچھیں ہیں اور نہ صرف بیکانیر بلکہ راجستھان میں وہ کسی سیلیبریٹی کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔ ان کے مداح انکے ساتھ تصاویر اتروا کر خوش ہوتے ہیں۔ گردھر ویاس کا کہناہے کہ انہوں نے 1985ءسے اپنی مونچھوں کو طول دینے کا سلسلہ شروع کیا۔ اور گزشتہ 30برسو ںمیں انہوںنے کم از کم 3گھنٹے روزانہ مونچھ کی دیکھ بھال، چمک دمک اور اسے تاﺅ دینے پرصرف کیا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ انکی اتنی لمبی مونچھیں ضرور عالمی ریکارڈ قائم کریں گی۔ تاہم اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ والوں کو انہوںنے خود خبردار کیا ہے اور نہ ہی انکا کوئی نمائندہ انکے پاس آیا ہے۔ اب تک کے ریکارڈ کے مطابق دنیا کی سب سے لمبی مونچھ بھی ایک ہندوستانی شہری رام سنگھ کے نام پر کتاب میں درج ہیں۔ جنکی لمبائی محض 18فٹ 5انچ ہے جبکہ گردھر کی مونچھ انکی مونچھ سے ساڑھے 3فٹ لمبی ہے۔ بلغاروی ٹی وی چینل کے نمائندے کو انہوںنے اپنی مونچھ کی کہانی تفصیل سے سنائی اور کہا کہ مونچھ کی یہ کھیتی انہوں نے بیحد مشقت کے ساتھ اگائی ہے۔ گزشتہ 33برسوں میں انہوں نے کبھی اپنی مونچھ نہیں بنائی۔