وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کیخلاف مذمتی قرارداد
اسلام آباد... کنٹرول لائن پروزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ طور پرمذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہبازشریف نے قرار داد پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے نجی ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کشمیر میں جاری ریاستی جارحیت کا نمونہ ہے۔ جس کی ایوان مذمت کرتا ہے۔فائرنگ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔شہبازشریف نے کہا تھا کہ سویلین ہیلی کاپٹر پر ہندوستانی فائرنگ ریاستی حملہ ہے۔ عالمی ادارے جارحیت کا نوٹس لیں۔قرارداد کی منظوری کے بعد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے کہا کہ آج ایوان میں حکومت اور اپوزیشن نہیں بلکہ پاکستانی قوم ایک ساتھ پیغام دے رہی ہے کہ ہندوستانی فورسز نے وزیر اعظم آزاد کشمیر پر نہیں پورے پاکستان پرحملہ کیا۔ اس کا بھرپورجواب دینے کی ہمت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے صبر کو نہ آزمایا جائے۔