ساتویں عشرے میں دھوم مچانے والی سعودی اناﺅنسر خاتون کااعزاز
ریاض.... سعودی ٹی وی چینل ون نے ساتویں عشرے میں سعودی اناﺅنسر خاتون ہدیٰ الرشید کے اعزاز میں خصوصی پروگرام کیا۔ چینل ون جولائی 1965ءسے لیکر تاحال تاریخی یادوں کی تجدید کیلئے خصوصی پروگرام کر رہا ہے۔ ہدیٰ الرشید نے ساتویں عشرے میں عرب دنیا میں اپنی آواز کا جادوجگایا تھا۔ اس وقت مقامی شہری خبروں اور تفریحاتی سرگرمیوں کیلئے ٹی وی پر انحصار کیا کرتے تھے۔ ہدیٰ الرشید نے 1974ءمیں عربی خبرنامہ پہلی بار پیش کیا۔ پھر انہوں نے پہلی خلیجی اناﺅنسر خاتون کے طور پر بی بی سی لندن سے پروگرام کئے۔ ان کے والد عبدالمحسن الرشید 1950 ءمیں ریاض بلدیہ کے چیئرمین بنے تھے۔ ہدیٰ الرشید نے ہفت روزہ عربی اخبار اور ریڈیو جدہ میں بھی کام کیا۔ وہ ساتویں عشرے کے آغاز میں عکاظ اخبار میں "قیثارتی"کے عنوان سے ایک صفحہ تیار کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے ریڈیو جدہ میں 2سال تک کام کیا۔ سیاسی اور ادبی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے برطانیہ میں ڈھائی ماہ انگریزی کا کورس کیا۔ ہدیٰ الرشید نے 2ناول بھی تحریر کئے۔ علاوہ ازیں ڈرامہ نویسی کا شوق بھی کیا۔