نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستان میں ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک ریاست سے دوسری ریاست فضائی سفر کرنا چاہتے ہیں تو اب بورڈنگ پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔مسافر وں کو ایئر پورٹ میں کاغذ کے بغیر داخلہ دینے کیلئے مرکزی حکومت نے چہرہ شناس آلات نصب کرنے کی تیاری شروع کردی۔ ابتدائی طور پر دہلی ، ممبئی ،حیدرآباد اور بنگلور ایئرپورٹس پر ان آلات کا استعمال ہوگا۔علاوہ ازیں ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام وارانسی ، وجے واڑہ، پونے اورکولکتہ ایئرپورٹس پر یہ سہولتیں دستیاب ہونگی۔ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈیجیٹل سفر کے تحت کی جارہی ہے۔ آئندہ 5،6ماہ میں ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے 4ایئرپورٹس پرچہرہ اسکیننگ کی کارروائی شروع کی جائیگی۔ اس کے بعد ملک کے تمام ایئرپورٹس پر یہ سہولت فراہم کی جائیگی۔ اس سے مسافروں کو بورڈنگ پاس حاصل کرنے کی فکر سے نجات مل جائیگی۔ایئرپور ٹ اتھارٹی نے بتایا کہ آنکھوں کا عکس اور انگوٹھے کے نشان کی بجائے چہرہ شناسی کے عمل کو ترجیح دی جائیگی۔عالمی سطح پر یہ اصول نافذ کیا جارہا ہے۔چہرے کی اسکیننگ کے دوران چہرہ مختلف حصوں میں تقسیم ہوجاتا ہے اور پھر موجودہ ریکارڈ سے موازنہ کرلیا جاتا ہے۔اگر کسی کا چہرہ کسی زخم یا مرض سے متاثر ہوتا ہے اس کے باوجود بھی شناخت کی جاسکتی ہے ،البتہ ہر 5سال بعدمسافر کو تصویر اپ ڈیٹ کرانی ہوگی۔
مزید پڑھیں:- - - - -کولکتہ میڈیکل کالج میں خوفناک آتشزدگی، 250افراد کو بچالیاگیا
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں