شاہ سلمان پاکستان کو کامیاب اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، سعودی سفیر المالکی
جمعرات 4 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد(واس) پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے واضح کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کو کامیاب او مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ مجھے ہدایت ہے کہ میں دونوں برادر ملکو ں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوشش کروں۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری سے بات چیت کر رہے تھے۔ المالکی نے مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی۔ پاکستانی وزیر مذہبی امور قادری نے کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ مشترکہ ثقافتی اور دینی اقدار پاکستان اور سعودی عرب کو ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات دیرینہ ہیں۔ سعودی عرب اسلام اور اس کے پیروکاروں کی عظیم الشان خدمت کر رہا ہے۔ حرمین شریفین کی تعمیر و توسیع، حجاج اور معتمرین کی میزبانی احسن طریقے سے کر رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں سے روشناس کرانے کیلئے بہترین مساعی صرف کرنے پر سعودی سفیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ المالکی نے کہا کہ وہ اس حوالے سے جو کچھ کر رہے ہیں وہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر انجام دے رہے ہیں۔