تاشقند میں 24ویں بین الاقوامی سیاحتی میلے کا آغاز ، رنگا رنگ تقریبات
موسم بہار میں نمائش کا انعقاد بہترین اقدام ہے ،شرکاء،”ٹورازم ٹوسلک روڈ“ کے عنوان سے جاری نمائش میں اردونیوز کی خصوصی شرکت
تاشقند( ارسلان ہاشمی ) ازبکستان کے درالحکومت تاشقند میں 3 روزہ 24 ویں بین الاقوامی سیاحتی میلے کا آغاز ہو گیا۔ میلے میں ازبکستان کے مختلف علاقوں کی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے اسٹالز لگا ئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ازبکستان میں جو اسلامی تہذیب و ثقافت کا مرکز رہا ہے ، سیاحت کوفروغ دینے کےلئے سالانہ میلے کا آغاز کیا گیا جسے امسال " ٹورازم ٹو سلک روڈ " کا عنوان دیا گیا ۔ سیاحتی میلے میں رنگا رنگ پروگرامز پیش کئے جارہے ہیں جسے دیکھنے کےلئے دنیا بھر سے آنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔ ازبک مرکزی سیاحتی کمیٹی اور وزارت سیاحت نے امسال خصوصی طور پراردونیوز سمیت 22 ممالک سے صحافیوں کو بھی نمائش میں مدعو کیا ۔ نمائش کی افتتاحی تقریب بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی ۔ نمائش سینٹر"uzexpocentre" میں جگہ جگہ ازبک کھانوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں تازہ کھانے تیار کئے جارہے ہیں ۔ نمائش گاہ کے مرکز ی ہال میں ازبکستان کے تمام صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے وہاں کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کیا گیا ۔ نمائش کے منتظمین نے اردونیوز کو بتایا کہ سالانہ سیاحتی نمائش کا باقاعدہ آغاز 1995 میں اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی کمیٹی کے اشتراک سے کیاگیا تھا جو اس وقت سے سالانہ بنیادپر جاری ہے ۔ نمائش میں عالمی سیاحتی کمپنیوں کے مندوبین نے بھی شرکت کی اور نمائش کو سراہا ۔سینٹر میں ازبک صنعت کو اجاگر کرتے ہوئے وہاں کی قومی اشیاءاسٹالز پر سجائی گئی ہیں ۔ آنے والوں کی تفریح کےلئے علاقائی کلاسیکل موسیقی اورلوک گیتوں کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا جس میں رنگا رنگ علاقائی لباس میں ملبوس مرد و خواتین اپنے اپنے علاقوں کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ ازبک اسلامی تاریخ کے حوالے سے اسٹیج شو غیر معمولی مقبول ہوئے جس میں مغل بادشاہوں کا لباس پہنے فنکاروں نے سلطنت مغلیہ کی عکاسی کی ۔ سب سے زیادہ بڑااسٹال نمنگان صوبے کا ہے جس میں© " نمنگان " کی زرعی پیداوار اور صنعت و حرفت کو پیش کیا گیا ۔ مزاحیہ خاکوں پر مبنی اسٹیج شو بھی لوگوں کی توجہ کا خصوصی مرکز بنے رہے ۔ صوبہ " اندیجان" کے اسٹال پر لڑکیاں علاقائی لباس پہن کر وہاں کے مشہور ساز " دوتار " کی دھن پر قومی نغمے بکھیر رہی ہیں جو غیر ملکی سیاحو ں کےلئے کشش کا باعث ہے ۔ مختلف ممالک سے آنے والے مندوبین کا کہنا ہے کہ ازبکستان میں بہار کا موسم انتہائی خوشگوار ہوتا ہے ۔ اس موسم میں نمائش منعقد کرکے سیاحت کا لطف دوبالا کر دیا ۔ ملائیشیا سے آنے والے ایک سیاح کا کہنا تھا کہ وہ خصوصی طور پر اس نمائش میں شرکت کرنے کےلئے آیا ہے ۔ نمائش میں ایک ہی مقام پر پورے ازبکستان کی سیر بھی ہو گئی اور وہاں کے روایتی کھانوں کے علاوہ ملبوسات اور تہذیب وثقافت کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہو گئیں۔