شہباز شریف کاجسمانی ریمانڈ‘ کارکنوں کی پولیس سے جھڑپ
لاہور: نیب عدالت میں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر ن لیگ کے کارکن بھی عدالت کے باہر موجود تھے جنہوں نے اپنے رہنما کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ کارکنوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ اس موقع پر پولیس سے جھڑپ کے نتیجے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔نیب نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم کرپشن کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہفتے کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر اور شہباز شریف کے وکلا نے عدالت کے سامنے اپنے اپنے دلائل دیئے۔ اس دوران نیب کی جانب سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے شہباز شریف کو نیب کے حوالے کردیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔