آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی کون؟
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاک فوج میں 7 اعلیٰ عہدوں پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر تقرر کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی چیف آف لاجسٹک اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کو ملٹری سیکرٹری جی ایچ کیو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان وائس چیف آف جنرل اسٹاف جب کہ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو آئی جی آرمز تعینات کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے تاہم ان کی مدت ملازمت 25 اکتوبر کو مکمل ہو رہی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں۔