Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس:پی سی بی کا آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں جواب

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک ہند کرکٹ سیریز تنازع اور ہرجانے سے متعلق اپنا تحریری جواب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تنازعات کمیٹی میںجمع کرادیا۔ پی سی بی کی جانب سے تحریری جواب 100 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ اس کیس کی سماعت اس ماہ کے پہلے 3دن ہوئی تھی ۔آئی سی سی تنازعات کمیٹی نے پاکستان اور ہندوستانی بورڈز کو جواب داخل کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔پی سی بی نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طے شدہ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے سے 70ملین ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ معاہدے میں ہندوستانی حکومت سے سیریز کھیلنے کی اجازت سے متعلق کوئی شرط بھی شامل نہیں تھی۔پاکستانی اور ہندوستانی کرکٹ بورڈز کے درمیان 2014 ء میں ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان اور ہند کی ٹیموں کو 2015 سے 2023 کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں تاہم ہند معاہدے سے مکر گیا۔اسی معاہدے کے تحت اس نے آئی سی سی میں نام نہاد بگ تھری گروپ کی تشکیل کیلئے پی سی بی کی حمایت حاصل کی تھی۔پی سی بی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہندوستانی بورڈ 70 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔ تنازعات کمیٹی نے ابتدائی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور دونوں بورڈز کے تحریری جوابات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: