متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کو یورپ، مشرق وسطی اور افریقہ خطے میں 500 درھم کے کرنسی نوٹ کے لیے بہترین نئے بینک نوٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
یہ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر باسل میں ہائی سیکیورٹی پرنٹنگ ای ایم ای اے کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات کی تیسری پولیمر سیریز کا حصہ اس نئے کرنسی نوٹ کو جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات کا حامل قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل 2023 میں جاری ہونے والے ایوارڈ یافتہ ایک ہزار درھم کے نوٹ میں شامل جدید ٹیکنالوجیز اس میں شامل ہیں۔
امارات کے مرکزی بینک کے مکمل ملکیتی ادارے اومولت سیکیورٹی پرنٹنگ نے اس نوٹ کو پرنٹ کیا ہے یہ نوٹ 30 نومبر 2023 کو مارکیٹ میں شامل ہوا تھا۔

500 درہم کے نوٹ کے فرنٹ پر ایکسپو سٹی دبئی میں ٹیرا سسٹین ایبلٹی پویلین کی تصویر ہے جو شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کے اصولوں پر مبنی پائیدار مستقبل کےلیے امارات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
جبکہ نوٹ کے دوسری جانب دبئی کا میوزیم آف دی فیوچر ہے اور پس منظر میں امارات ٹاورز اور برج خلیفہ ہیں جو ملک کی تعمیر اور کامیابیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس نوٹ میں بریل کی علامتیں بھی شامل ہیں جس کی مدد سے بصارت سے محروم افراد کو شناخت کرنے میں مدد ملتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک میں بینکنگ آپریشنز اینڈ سپورٹ سروسز کے اسسٹنٹ گورنر اور اومولت سیکیورٹی پرنٹنگ کے چیئرمین سیف حمید الظاھری نے کہا ’ہمیں جدید سیکیورٹی خصوصیات کے حامل اس بینک نوٹ کو متعارف کرانے میں فخر ہے۔ اسے سکیورٹی فیچرز کے ساتھ ماحول دوست مواد سے بنایا گیا‘۔