عمران خان کی چھوڑی ہوئی 2 نشستوں پر تحریک انصاف کو شکست
اسلام آباد: ملک میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج پی ٹی آئی کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں رہے۔ ذرائع کے مطابق حکمران جماعت کے لیے سب سے زیادہ پریشانی کا باعث یہ بات رہی کہ اسے کپتان یعنی موجودہ وزیرا عظم عمران خان کی چھوڑی ہوئی 2 اہم نشستوں سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کی لاہور اور بنوں سے جیتی ہوئی نشست پی ٹی آئی کے ہاتھوں سے نکل گئی۔ لاہور کے حلقہ این اے 131 پر عام انتخابات میں کپتان سے شکست کھانے والے ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کامیاب ہو گئے، انہوں نے تحریک انصاف کے ہمایوں اختر کو شکست دی جبکہ این اے 35 بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے زاہد اکرم درانی نے پی ٹی آئی کے نسیم علی شاہ کو شکست دے کر وزیرا عظم کی چھوڑی ہوئی یہ نشست بھی حاصل کرلی۔