مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی صدر کے مشیر کو یاداشت پیش
ریاست جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی داد رسی کیلئے اقوام عالم اپنا کردار اداکرے، صدر ٹرمپ کے مشیر برائے جنوب ایشاء کی مثبت اقدام کی یقین دہانی
محمد عامل عثمانی۔مکہ مکرمہ
آزاد کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے واشنگٹن میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے جنوب ایشیاء ساجد تارڑ سے ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی اورمعروف بزنس مین سردار ظریف کے ہمراہ واشنگٹن میں ملاقات کی۔ملاقات میں سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابدنے 1947 سے لیکر2018 تک ریاست جموں وکشمیر پر ناجائز تسلط کے نتیجہ میں ہند کی حکومت اور فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے مظالم ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،مذہبی مقامات کی بے حرمتی ،لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں کی شہادتوں سمیت ہندوستانی سرکار کی طرف سے دیگر انسانیت سوز مظالم پر مبنی مفصل یادداشت صدر ٹرمپ کیلئے پیش کی ۔ ساجد تارڑ سے کہا یادداشت امریکی صدر کو پیش کرکے اس کے مندرجات کی روشنی میں صدر ٹرمپ کے حوالے سے ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور نہتے کشمیریوں پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کروانے میں کردار ادا کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائی جائے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری ہر سال اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جموں وکشمیر پر ہند کے ناجائز تسلط اور ہندوستانی مسلح افواج کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف پرامن احتجاج اور مظاہرہ کرتے ہیں لیکن انتہائی افسوس سے یہ بات کہنی پڑ رہی ہے کہ ہمارے ان مظاہروں کا نہ تو اقوام متحدہ اور نہ ہی امریکہ نوٹس لیتا ہے۔ اس سرد مہری کیخلاف کشمیری اس یادداشت کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ساجد تارڑنے سردار عابد حسین عابد کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی طرف سے پیش کردہ یادداشت کو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ تک نہ صرف پہنچائوں گا بلکہ اس حوالے سے کردار ادا کرنے کیلئے وہ خود بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ سردار عابد حسین عابد نے ساجد تارڑ کی طرف سے جموں وکشمیر میں ہندوستانی مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کشمیریوں کی آوازکو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ تک پہنچانے کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری برسوں سے ہندوستانی جارحیت اور بے پناہ مظالم کا سامنا کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں لاکھوں کے حساب سے کشمیریوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں۔کشمیری اپنا مسلمہ حق اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے ذریعے مانگتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں تاہم ہند نے اپنی فوجی طاقت اور ریاستی دہشتگردی کے ذریعے اس مسئلہ کو دبائے رکھا ہوا ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ امریکہ اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو بھی آزادی کی نعمت مل سکے۔