یمن…اصلاح حال کیلئے انتھک اقدامات
17اکتوبر 2018ء بدھ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار عکاظ کا اداریہ نذر قارئین
یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے زبردست فیصلے اور فوری اقدامات کر کے ملکی حالات کو بہتر بنانے کی قابل قدر کوشش کی ہے ۔انہوں نے یہ اقدام ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد پے درپے عظیم فتوحات حاصل کرتا چلا جا رہا ہے ۔ حوثیوں کی صفوں میں شکست و ریخت ہو رہی ہے اور ان کی پھیلائی ہوئی تباہی و بربادی کے نشانات مٹنے لگے ہیں ۔
یمن ان دنوں جن فیصلہ کن حالات سے گزر رہا ہے وہ صدر ہادی کو یمنی کابینہ میں بنیادی تبدیلیاں لانے کا محرک بنے ہیں ۔ صدر ہادی نے محدود حکومت تشکیل دینے کا جرأت مندانہ اقدام کیا ہے ۔ ایک طرح سے انہوں نے ’’ ہنگامی حکومت ‘‘ یا حکومت جنگ تشکیل دی ہے ۔ اس حوالے سے انہیں مزید اقدامات کرنے ہوں گے ۔ اس تبدیلی کی ضرورت اس لئے بھی تھی کیونکہ کابینہ میں شامل بیشتر وزراء بیرون ملک مقیم ہیں اور سرکاری بجٹ پر بوجھ ہیں ۔ ان کی وجہ سے اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ یمنی شہریوں کو آزاد شدہ علاقوں میں بنیادی خدمات کی اشد ضرورت ہے ۔ حوثی خدمات پیش کرنے والے اداروں کو تباہ شدہ چھوڑ کر نکلے ہیں ۔ انہوں نے یمن کی معیشت کو تباہ اور انسانی حالات کو بہت زیادہ زبوں حالی میں چھوڑا ہے ۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ نوجوان وزیراعظم کی تقرری اپنے آپ میں اس بات کا پیغام ہے کہ یمنی صدر ، یمنی نوجوانوں کو ذمہ داریاں تفویض کرنا چاہتے ہیں ۔ایسے نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں جن میں فرض کا احساس ہو اور یمنی عوام کی امنگوں کی تکمیل کیلئے قربانی کے جذبے سے آراستہ ہوں ۔