کرکٹ کی دنیامیں ہندوستانی سٹے باز سرگرم ہیں، آئی سی سی
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ اس وقت دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ہندوستانی سٹے باز سرگرم ہیں اور حیرت انگیز طور پر ان میں بعض عورتیں بھی ہیں۔ سری لنکن کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقات میں مصروف آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے عہدیدار ایلکس مارشل نے بتایا اس وقت اس کھیل کو کرپٹ کرنے میں ہندوستانی بکیز کا بنیادی کردار ہے ۔ سری لنکا میں مقامی سٹے بازوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہاں مقامی سٹے باز بھی سرگرم ہیں لیکن ہندوستانی سٹے بازوں کی بڑی تعدادا بھی موجود ہے جبکہ دیگر ممالک اور مقامات پر بھی بکیز کی اکثریت ہند سے تعلق رکھتی ہے۔یاد رہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ کئی ماہ سے سری لنکا میں چھان بین کررہا ہے اورسری لنکا کے سابق کپتان اور جارحانہ کرکٹر سنتھ جے سوریا پر حال ہی میں اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے گئے تھے تاہم ان کی تفصیل نہیں بتائی گئی رواں ہفتے کے آغاز میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف کے الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے مشہور کھلاڑی بن گئے تھے۔خود جے سوریا کا کہنا ہے کہ ان پر فکسنگ کے الزامات نہیں ہیں تاہم انہیں حکام کے ساتھ تفتیش میں معاونت نہ کرنے کے مرتکب قرار دیا گیا ہے۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے انگلینڈ اور سری لنکا میں کرکٹ کرپشن میں ملوث افراد کے حوالے سے ابتدائی معلومات جاری کی تھیں۔ فکسنگ کا اعتراف کرنے والے سابق لیگ اسپنر دنیش کنیریا نے بھی ہندوستانی سٹے باز انو بھٹ کا نام لیا ہے۔مارشل کا مزیدکہنا تھا کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کو بریفنگ کے دوران ہم نے کرکٹ میں متحرک کرپٹ افراد کے نام اور تصاویر دکھائیں جو سری لنکا میں اور دنیا بھرمیں کھلاڑیوں کو گھیرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آئی سی سی اس وقت 12 سے 20 متحرک سٹے بازوں کی نگرانی کررہی ہے جبکہ 6 افراد مشتبہ ہیں جن سے کھلاڑیوں کو ہوشیا رہنا چاہیے۔ایلکس مارشل نے مزید کہا کہ چند عورتیں بھی سٹے بازی میں ملوث ہیں تاہم ان کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی جا سکتی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں