شریف خاندان کی سیاست مزید نہیں چل سکتی،فواد چوہدری
اتوار 21 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد... وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو کسی صورت بھی نہیں چھوڑے گی ۔احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا ۔کسی بھی ملک سے بات چیت میں ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔شریف خاندان کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ شریف خاندان سیاست میں مزید چل سکے۔ سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چاہتے ہیں باقی ممالک بھی اس منصوبے کے انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھائیں۔ ٹی و ی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کا ایجنڈا ہی کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب ہے۔ پی ٹی آئی کو ووٹ ہی کرپٹ عناصر کے احتساب پر پڑا۔ اگر ان کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرتے تو ہمارا ووٹر بہت مایوس ہو گا جو ہم کبھی نہیں چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ اگر عوامی توقعات پر پورا نہ اترے تو آئندہ مشکلات ہو سکتی ہیں۔