محمد صلاح کی لیور پول کیلئے گولوں کی نصف سنچری
لیورپول: انگلش فٹبال کلب لیور پول کے مصری کھلاڑی محمد صلاح نے اپنے کلب کی جانب سے گولز کی نصف سنچری مکمل کرلی ہے ۔ چیمیئنز لیگ کے میچ میں سربیا کے کلب ریڈ اسٹار بلغراد کے خلاف 2گول کرکے محمد صلاح نے یہ سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے اپنے شاندار کھیل سے لیورپول کو ریڈ اسٹار کے خلاف0-4سے فتح دلانے میں بھی اہم کردا ر ادا کیا۔ محمد صلاح نے گزشتہ سیزن میں انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنے کلب کو چیمیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچانے کے ساتھ اپنی قومی ٹیم کو ورلڈ کپ تک رسائی دلانے میں بھی کامیاب رہے تاہم لیگ کے فائنل میں زخمی کئے جانے کے بعد سے فارم میں نہیں آسکے تھے تاہم اس میچ میں انہوں نے اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ میں نمایاں نظر آئے ۔مصری فٹبالر نے 6منٹ میں2گول کرتے ہوئے اپنے کلب کو لیگ میں دوسرے نمبر پر بھی پہنچا دیا ۔ لیور پول کی جانب سے فرمینونے پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تھی جسے پہلے ہاف کے آخری منٹ میں صلاح نے دگنا کردیا۔ دوسرے ہاف کے دوران ابتدائی منٹوں میں لیور پول کو ملنے والی کک پر محمد صلاح نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری مستحکم کردی جبکہ سعدیو مانے 80میں منٹ میں گول کرتے ہوئے سرب کلب کو مکمل طور پر آوٹ کلاس کر دیا۔صلاح کلب کی جانب سے 50گول 65میچوں میں مکمل ہوئے اور گزشتہ سیزن میں کلب کا حصہ بننے کے بعد واٹفورڈ کلب کے خلاف لیور پول کیلئے پہلا گول کیا تھا۔وہ انگلش کلب کی جانب سے تیز ترین 50گول کرنے والے پہلے فٹبالر بھی بن گئے ہیں۔ صلاح نے گزشتہ سیزن میں کلب کی جانب سے 44گول کئے تھے جن میں 32 پریمیئر لیگ کے دوران کئے گئے۔38میچوں میں یہ32گول بھی ریکارڈ تھا۔ انہیں بہترین گول کرنے پر فیفا ایوارڈ بھی مل چکا ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں