ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مسلسل 10سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے ، سرفراز احمد
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
دبئی:پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی جیسے مشکل فارمیٹ میں 10سیریز مسلسل جیتنا کوئی آسان کام نہیں اور مجھے اس اعزاز کے حصول میں اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کی محنت پر فخر ہے۔تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے کلین سوئپ کرنے کی کوشش کریں گے۔ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیم کی فتوحات میں کوچنگ اسٹاف کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت سے ٹیم کا ہر کھلاڑی میچ ونر بن چکا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا نوجوان بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی کارکردگی سے مجھے یہ اعتماد دیا کہ دوسرے میچ کا آخری اور اہم ترین اوور اس سے کرایا اور سب نے دیکھا کہ چھکا لگنے کے باوجود اس نے حواس بحال رکھے اور ہمارے لئے خطرہ بننے والے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا ۔نوجوان بولر کو جو کہا گیا اس نے اس پر بخوبی عمل کیا اور ثابت کردیا کہ اس میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ہمارے اعتماد پر پور ا اترے۔ پاکستانی کپتان نے کہا کہ یہ بات ہم سب کیلئے قابل فخر ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی اتنی تیزی سے وننگ کمبینیشن میں تبدیل ہو رہے ہیں۔عماد وسیم ، شاداب خان اور حسن علی کے علاوہ محمد حفیظ کی کارکردگی لاجواب رہی ۔ تجربہ کار حفیظ نے ضرورت کے وقت ٹیم کے کام آنے کی اپنی روایت برقرار رکھی جبکہ فیلڈرز نے بھی کمال کردیا ۔جیسا کیچ شاداب نے لیا اور جس طرح فخرزمان نے رن آوٹ کیا۔ اس سے کامیابی یقینی ہو جاتی ہے بیٹنگ کے حوالے سے سرفراز کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور گیندیں ضائع کرنے کا مسئلہ حل کرنا ہوگا جبکہ سیٹ ہوجانے کے بعد بیٹنگ لائن کا لڑکھڑا جانا مسائل پیدا کررہا ہے ۔مڈل اور لوئر آرڈر کو سنبھل کر کھیلنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔دریں اثناء آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم پاکستانی ٹیم کے عمدہ کھیل کے جواب میں ویسی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے دباو کا ہمارے پاس کوئی توڑ نہیں ۔مہمان کپتان کے مطابق میزبان ٹیم اس وقت بہت پر اعتماد اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے،خاص طور پر بولنگ لاجواب ہے ۔ دونوں میچوں میں ہدف بڑا نہیں تھا لیکن بولرز نے ہمیں اس تک رسائی سے روک دیا۔ پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکرد گری پر پورا کریڈٹ دوں گا۔ ایرون فنچ نے کہا کہ ہمیں بہت بہتری کی ضرورت ہے اور پوری کوشش ہوگی کہ آج کے میچ میں ان خامیوں سے پیچھا چھڑاتے ہوئے کلین سوئپ سے بچ سکیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں