منامہ ۔۔۔بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ اسٹریٹجک اتحاد 2019ء کے دوران اکتوبر کے مہینے میں کام شروع کردے گا۔ یہ امریکہ خلیجی ممالک، مصر اور اردن پر مشتمل ہوگا۔ اسکا بنیادی ہدف خطے کے امن و امان کا تحفظ رہے گا۔ اس میں ایسا کوئی بھی ملک شامل ہو سکتا ہے جسے اس کا منشور قبول ہو گا۔ انہو ںنے توجہ دلائی کہ مشرق وسطیٰ اسٹراٹیجک کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سعودی عرب میں اجلاس ہوں گے۔ قطر کے عہدیدارو ں کو بھی شریک کیا جائے گا۔ دریں اثناء سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے مشرق وسطیٰ اسٹریٹجک اتحاد کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ منامہ میں مکالمہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر امریکی وزیردفاع نے کہا کہ روس مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی جگہ نہیں لے سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکہ یمن میں حوثیوں کی مدد کرنے والے ایرانیوں سے ٹکر لے رہا ہے۔ انہو ںنے یہ بھی کہا کہ روس موقع پرست ملک ہے اور وہ شامی عوام کے خلاف بشار الاسد کی مجرمانہ سرگرمیوں کو نظر انداز کئے ہوئے ہے۔ اسے اخلاقیات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ بحرینی وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ اسٹریٹجک اتحاد خطے میں امن و خوشحالی میں معاون ثابت ہو گا۔