چارہ گھوٹالے کی رقم کئی پارٹی رہنماؤں نے کھائی، ارون کمار
پٹنہ۔۔۔۔سماج وادی مورچہ کے قومی کنوینر اور جہان آباد سے رکن پارلیمنٹ ڈا کٹر ارون کمار نے کہا کہ بہار کی سرخیوں میں چھائے رہنے والے چارہ گھوٹالے کی رقم تمام پارٹیوں کے رہنماؤں نے کھائی لیکن اس معاملے کی گرفت میں جو آیا وہ سزا بھگت رہا ہے۔قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اتحادی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی) کے باغی رہنما ارون کمار نے قومی سمتا پارٹی (سیکولر) کی جانب سے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ ’’گاؤں بچاؤ-کسان بچاؤ ‘‘ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چارہ گھوٹالہ میں کئی رہنما شامل ہیں۔ سرکاری خزانے سے لوٹی گئی اس دولت سے تمام پارٹیوں کے رہنماؤں نے عیش کیا۔ارون کمار نے کہا کہ مرکز اور بہار کی حکومت صرف منصوبوں کا اعلان کرتی ہے لیکن کہیں اسے نافذ نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی اسکیمیں بنتی ضرور ہیں اور دکھاوے کیلئے اس کی تشہیر بھی کی جاتی ہے لیکن عام لوگوں کو ان منصوبوں کا فائدہ نہیں پہنچ رہا جس کی وجہ سے گاؤں کی حالت بد سے بد تر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس رویہ سے لوگوں میں کافی ناراضی پائی جاتی ہے۔