Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک کویت کبڈی کلب کا قیام،حافظ محمد شبیرنے افتتاح کیا

کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے،حافظ محمد شبیر:کویت میں کبڈی کلب کے قیام پر حافظ شبیر کو ماجد چوہدری کا خراج تحسین 
کویت: پاک کویت کبڈی کلب کا قیام پاکستان بزنس سنٹر کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر کی زیرسرپرستی گزشتہ دنوں عمل میں آیا۔ کبڈی کلب کے قیام کی تقریب جلیب الشیوخ میں سنٹرال کے پیچھے واقع گراونڈ میں بڑے روایتی انداز سے منعقد ہوئی، جس میں پنجاب کی ثقافت کی جھلک نمایاں تھی۔تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض جنید سرور بھٹی نے انجام دئیے۔کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت شمشاد احمد نے حاصل کی۔ پاک کویت کبڈی کلب کے منیجر چوہدری شبیر نے تمام معزز مہمانان کا اسٹیج پر استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاک کویت کبڈی کلب کے کپتان عثمان ہنج کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کلب کے قیام کیلئے بڑی محنت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا ہے۔حافظ محمد شبیر کی ذاتی دلچسپی سے آج ہم ایک کبڈی کلب قائم کرنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔وہ تمام کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ڈیوٹی اوقات کے بعد سخت محنت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا۔کویت میں کبڈی کلب کے قیام کیلئے بڑی دیر سے کوششیں ہو رہی تھیں۔ اسکے بعد پاک کویت کبڈی کلب کے تمام کھلاڑیوں کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی اور پاکستان بزنس سنٹرکی جانب سے حافظ محمد شبیر اور چوہدری شبیر نے کھلاڑیوں کو ٹیم کٹ دی۔آخر میں پاک کویت کبڈی کلب کے سرپرست اعلیٰ حافظ محمد شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں شر سے محفوظ رکھے۔ہمارا خواب پورا ہوا اوریہ کلب آبادرہے ۔
پاکستان نیشنل انگلش اسکول حولی کے ڈائریکٹر اور ممبر ایگزیکٹوبورڈ او پی ایف ماجد علی چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ حافظ محمد شبیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی مدد سے کویت میں کبڈی کا قیام عمل میں لایا گیا اور کھلاڑیوں کے لئے فنڈز جاری کئے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی بڑے محنتی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ وہ کویت میں پاکستان کے اس ثقافتی کھیل کے فروغ کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ کویت میں رہ کر پاکستان کیلئے جتنی خدمت کر سکتے ہیں ، کرنی چاہئے۔ وہ انٹرنیشنل اسکول و کالج پاکستان کے پرنسپل کرنل( ر) انجم مسعود کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان میں ڈیم کیلئے 3400 دینار جمع کئے اور ا سکول کے تمام اساتذہ نے ایک، ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کرائی۔وہ کویت میں دیگر پاکستانی تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان سے بھی رابطے میں ہیں اور ان شاءاللہ وہ بھی ڈیم فنڈ کیلئے رقم جمع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویت میں انٹرنیشنل سطح کے کبڈی میچ کرائے جائیں گے۔ پاکستان ، ہند اور کینیڈا سے ٹیمیں بلوائیں گے۔ آخر میں حافظ محمد شبیر نے کویت و پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کرائی۔شرکاءکیلئے پنجاب کی روایتی جلیبیوں اور چائے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
پاک کویت کبڈی کلب انتظامیہ میں احسان چیمہ فنانس سیکرٹری، چوہدری شبیر ٹیم منیجر، سید حسنین شاہ کوچ اور کھلاڑیوں میں عثمان ہنج کپتان، ملک عمران نائب کپتان، مقدم مصطفی ،عاصم شہزاد،شمشاد چیمہ،محمد زبیر،عبید الرحمان، وحید،ملک طاہر،محمد افضال،شمعون واہگہ،ناصر گوندل، یاسر،طیب خان،ستنام سنگھ اور سونو شامل ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: