امریکی دریا سے برآمد سعودی لڑکیوں کی لاشیں معمہ بن گئیں!
جدہ ۔۔۔۔دریائے ہوڈسن کے کنارے پائی جانے والی سعودی لڑکیوں کی لاشوں کی شناخت کرلی گئی۔ نیویارک پولیس نے ان کی والدہ کو شناخت کیلئے طلب کیا تھا۔16سالہ تالا اور 22سالہ روتانہ کی لاشیں دریائے ہڈسن کے کنارے پڑی ہوئی پائی گئی تھیں۔ ایک راہگیر نے نشاندہی کرکے پولیس کو مطلع کیا تھا۔ نیویارک کی پولیس نے ان کی موت کو خود کشی کا واقعہ قراردینے کی کوشش کی تھی جسے لڑکیوں کی ماں نے مکمل طور پر مسترد کردیا۔ میڈیکل چیک اپ کے نتائج سے حقیقت حال منکشف ہوگی۔دونوں بچیوں کا باپ جدہ سے امریکہ روانہ ہوگیا۔ سعودی قونصل خانہ نے مقدمے کی پیروی کیلئے ایک وکیل کی خدمات حاصل کرلیں۔ایک اطلاع یہ ہے کہ پولیس نے عدالت سے فیصلہ حاصل کرکے دونوں لڑکیوں کو ان کے والدین سے الگ تھلگ کردیا تھا۔والدین دونوں کا علاج ایک اسپتال میں کرانا چاہتے تھے ۔باپ وقتاً فوقتاً مملکت سے امریکہ جاتا رہتا تھا۔ دونوں بیٹیاں ڈھائی برس سے اپنی والدہ کے ہمراہ امریکہ میں سکونت پذیر تھیں۔ بڑی بیٹی سرکاری اسکالر شپ پر تھی۔